دعا ہے پاکستان میں جلد عالمی کرکٹ شروع ہو کامران اکمل

میری تمام نوجوانوں سے درخواست ہے کہ وہ موٹر سائیکل پر ویلنگ نہ کریں، عمر اکمل

ہم سارے بھائی آپس میں دوست ہیں،عدنان اکمل، ’تکرار‘ میں میزبان عمران خان سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

قومی ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسپورٹس کا ماحول نہیں بن رہا۔

میری دعا ہے کہ پاکستان میں جلد عالمی کرکٹ شروع ہو، اس سے ہماری ڈومیسٹک کرکٹ اور لیگ کرکٹ اور بھی بہتر ہوجائیگی۔ ایکسپریس نیوزکے پروگرام ''تکرار'' میں میزبان عمران خان سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ پاکستان میں عالمی کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے بہت نقصان ہورہا ہے اور اس وجہ سے ہمارا بہت سا ٹیلنٹ بھی ضائع ہورہا ہے ۔ ہوم سیریز کھیلنے کا اپنا ہی مزہ ہے۔ اگر میرا پاکستان ٹیم میں اثرورسوخ ہوتا تو آج میں ٹیم میں ہوتا۔جب آسان کیچ چھوٹ جاتا ہے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ اس وکٹ کیپر کا برا وقت شروع ہوگیا ہے۔ میں نے206 کیچ پکڑے ہیں جن میں بہت مشکل کیچ بھی تھے، ماں باپ کی دعائوں سے جلد کم بیک کروں گا۔ میں نے انضمام الحق کے ساتھ بہت کرکٹ کھیلی ہے، ان کو پاکستان ٹیم کا بہترین کپتان سمجھتا ہوں۔ اس کے علاوہ عالمی سطح پر اس وقت دھونی سب سے بہتر کپتان ہیں۔




ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل نے کہا کہ میری کرکٹ میں فیملی کے بعد مدثر نذر اور ڈاکٹر فیصل کا ہاتھ ہے کیونکہ میری ٹانگ پر چوٹ لگی اورفریکچر کی وجہ سے کہا گیا کہ آپ کرکٹ نہیں کھیل سکتے لیکن انھوں نے مجھے بہت گائیڈ کیا۔ کامران بھائی کا میچ اکثر ابو کے ساتھ دیکھا کرتا تھا، ایک روز انھوں نے کہا کہ کاش میرا دوسرا بیٹا بھی قومی ٹیم میں کھیلے، میں یہ بات اپنے دل میں بٹھا لی اور محنت کرتا رہا پھر ایک دن پی سی بی سے فون آیا کہ آپ کل کھیل رہے ہیں، میں نے پہلے میچ میں سینچری کی۔ بھائی کے ساتھ کھیلنے کا خواب بھی پورا ہوگیا ۔ ابھی شادی کا کوئی پلان نہیں ہے ساری توجہ کرکٹ پر ہے ۔ پریکٹس کے دوران سعید اجمل کی بائولنگ زہر لگتی ہے لیکن بطور انسان وہ بہت اچھے ہیں ۔

مچل جانسن ، شان ٹیٹ کو مارنے کا بہت مزہ آتا ہے۔ میرے لیے بھارت کا ٹوور اہم ہوتا ہے۔ میری تمام نوجوانوں سے درخواست ہے کہ وہ موٹرسائیکل پر ویلنگ نہ کریں۔ انتہائی محتاط انداز میں موٹرسائیکل چلائیں کیونکہ ان کے ماں باپ کو ان سے بڑی امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں۔ٹیسٹ کرکٹر عدنان اکمل نے کہاکہ کامران اکمل اور عمراکمل کے بعد میری شدید خواہش تھی کہ میں بھی ٹیم میں کھیلوں اللہ نے میری سن لی ۔ میری خواہش ہے کہ اپنے بھائی کامران اکمل کا206 کیچ پکڑنے کا ریکارڈ توڑوں ۔ وکٹ کے پیچھے سعید اجمل اور حفیظ کو مشکل سمجھتا ہوں ۔ ہم سارے بھائی آپس میں دوست ہیں، ہر میچ کو آخری سمجھ کر کھیلتا ہوں ۔ عالمی کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے بہت سا ٹیلنٹ ضائع ہورہا ہے،میری دعا ہے کہ پاکستان میں جلد عالمی کرکٹ شروع ہو۔
Load Next Story