آئین نہ ماننے والوں سے مذاکرات کیے جاسکتے ہیں مالک بلوچ

مایوسی درست نہیں،اے پی سی جلد ہوگی، بھارتی مداخلت سے متعلق رپورٹس وفاق کی ہیں

پہلے سے یہ رائے قائم کرلینا درست نہیں کہ آئین کو نہ ماننے والوں کو مذاکرات کی میز پر نہیں لایا جاسکتا۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ آئین نہ ماننے والوں سے مذاکرات کیے جاسکتے ہیں۔

کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہے اسی لیے شہر سے ایف سی کی 50 فیصد غیر ضروری چیک پوسٹیں ختم کردی ہیں، بلوچستان میں بھارت اور بیرونی مداخلت سے متعلق شواہد وفاقی حکومت کے پاس ہیں۔ نماز عید کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بلوچ مزاحمت کاروں سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ تاحال کوئی رابطہ نہیں ہوا ، پہلے سے یہ رائے قائم کرلینا درست نہیں کہ آئین کو نہ ماننے والوں کو مذاکرات کی میز پر نہیں لایا جاسکتا۔ بہت جلد بلوچستان کے ایشوز پر کل جماعتی کانفرنس بلائی جائیگی ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ ناراض بلوچ رہنمائوںسے مذاکرات کے خواہش مند ہیں۔




متاثرین زلزلہ کی بحالی کیلیے وفاق، عالمی اداروں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی امداد کی ضرورت ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران انھوں نے کہا کہ جلد ہی آواران میں حکومتی رٹ قائم کر لی جائیگی۔ یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ یہ مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں مگر ہم نیک نیتی سے مذاکرات کا عمل شروع کرینگے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں نماز عیدالاضحی پڑھی اور وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے عید ملے، کمانڈر سدرن کمانڈلیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ ، صوبائی وزرا عبدالرحیم زیارت وال، رحمت صالح بلوچ، ارکان اسمبلی حاجی عبدالسلام، ہینڈری مسیح بلوچ ، ولیم برکت و دیگر نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ڈاکٹر مالک بلوچ سے ملاقات کی اور عید کی مبارکباد دی۔
Load Next Story