قربانی کیلیے جدید سلاٹر ہاؤس بنائینگے وزیر بلدیات

عید قرباں پر بلدیاتی اداروں کی کارکردگی قابل ستائش ہے، وزیر بلدیات

وزیر بلدیات کا ملازمین کے لیے تعریفی اسناد اور اعزازیہ بڑھاکر4 ہزار روپے دینے کا اعلان. فوٹو; ایکسپریس

سندھ کے وزیر بلدیات سید اویس مظفر نے کہا ہے کہ عیدالاضحی پر صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کرنے پر بلدیہ عظمیٰ کراچی اور پانچوں میونسپل کارپوریشنز کے ایڈمنسٹریٹرز، ڈپٹی کمشنرز، بلدیاتی افسران اور عملے کی کارکردگی قابل ستائش ہے ۔

جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں، انھوں نے بہترین انتظامات پر افسران کے لیے تعریفی اسناد اور گریڈ ایک سے گریڈ 5 تک کے ملازمین کے لیے عید اعزازیے کو 2 ہزار روپے سے بڑھا کر 4 ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا ہے، وزیر بلدیات نے کراچی کی شاہراہوں سے بے ہنگم سائن بورڈز کو فوری ہٹانے کے ساتھ تمام پلوں کے نیچے اور اطراف میں واقع تجاوزات کے خاتمے اور برساتی نالوں کی فوری صفائی کے احکامات جاری کیے ہیں ۔

انھوں نے کراچی میں پینے کے پانی کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایت کی کہ کراچی کے تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف جاری آپریشن کو فوری تیز کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کو کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے پر صحافیوں سے گفتگو میں کیا، وزیر بلدیات اویس مظفر نے برنس روڈ، ایم اے جناح روڈ، گرومندر، لسبیلہ، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، شہید ملت روڈ، بہادر آباد، واٹر پمپ چورنگی، طارق روڈ، ڈیفنس، کلفٹن سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا طویل دورہ کیا،انھوں نے شہر میں عیدالاضحی پر صفائی اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔




ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی ثاقب سومرو نے وزیر بلدیات کو شہر میں عیدالاضحی پر کیے گئے انتظامات سے متعلق بریفنگ دی، اس موقع پر وزیر بلدیات سید اویس مظفر نے کہا کہ کے ایم سی اور پانچوں میونسپل کارپوریشنز نے باہمی مشاورت سے عیدالاضحی پر صفائی ستھرائی کے اچھے انتظامات کیے اور آلائشوں کو بروقت اٹھا کر دفن کیا، انھوں نے کہا کہ بلدیاتی عملے نے عید اپنے خاندان کے ساتھ منانے کے بجائے شہریوں کی خدمت میں گزاری جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں، مربوط حکمت عملی کے تحت انتظامات کے باعث ماضی کی نسبت شہر میں اس مرتبہ عیدقرباں پر صفائی کے انتظامات بہتر رہے، کراچی پاکستان کا دل اور ملک کا معاشی انجن ہے، یہ ہم سب کا شہر ہے۔

اسے صاف رکھنا بھی ہماری ذمے داری ہے،انھوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی کو ہدایت کی کہ شہر کی شاہراہوں پر نصب بے ہنگم سائن بورڈز کو فوری ہٹایا جائے کیونکہ یہ سائن بورڈز ماضی میں بھی حادثات کا سبب بنے ہیں اور عوام کی جان ومال کا تحفظ ہماری ذمے داری میں شامل ہے اس لیے سائن بورڈز کی ڈیزائن اور تنصیب کے عمل کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے، انھوں نے دورے کے دوران پلوں کے نیچے اور اطراف میں تجاوزات اور برساتی نالوں کی صفائی کی ناقص صورتحال کا نوٹس لیا اور ہدایت کی کہ فوری طور پر پلوں کے نیچے اور نالوں پر بنائے گئے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور شہر بھر سے کچرے کے ڈھیر صاف کرکے یونین کونسل کی سطح پر کچرا کنڈیاں تعمیر کی جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھانے کیلیے حکمت عملی مرتب کی جائے۔

انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کی ترقی کے لیے میگا پروجیکٹس پر کام جلد شروع کرے گی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا تاکہ عالمی سطح پر کراچی کا شمار جدید شہروں میں ہوسکے انھوں نے اعلان کیا کہ آئندہ برس ضلعی سطح پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جانوروں کی قربانی کے لیے قربان گاہیں (سلاٹر ہاؤس) تعمیر کی جائیں گی جبکہ انھوں نے کے ایم سی کی ہیلپ لائن کو اضلاع کی سطح پر بھی قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس ہیلپ لائن پر درج شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔

انھوں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے دورے کے دوران ایم ڈی واٹر بورڈ کو ٹیلی فون پر ہدایت کی کہ کراچی کے تمام علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے بروقت اور فوری انتظامات کیے جائیں اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف آپریشن کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔
Load Next Story