تیسرا ون ڈے فالکنر کے لاٹھی چارج نے پانسہ پلٹ دیا

ایشانت کے اوور میں 30 رنز بٹورکر بھارت کیخلاف آسٹریلیا کو یادگار فتح دلا دی

موہالی: تیسرے ون ڈے میں بھارتی پیسر ونے کمار کو وننگ چھکا رسید کرنے کے بعد جیمز فالکنر خوشی سے بے قابوہیں۔ فوٹو: بی سی سی آئی

لاہور:
تیسرے ون ڈے میں جیمز فالکنر کے لاٹھی چارج نے پانسہ پلٹ دیا، آسٹریلوی پلیئر نے بھارتی پیسر ایشانت شرما کے اوور میں 30رنز بٹور کر ٹیم کو4 وکٹ سے یادگار فتح دلا دی۔

میزبان سائیڈ7میچز کی سیریز میں 1-2کے خسارے کا شکار ہو گئی، کینگروزکو اختتامی 3اوورز میں48رنزدرکار تھے،اس موقع پر ایشانت شرما،فالکنر کے ہتھے چڑھ گئے، انھوں نے ایک اوور میں چار چھکے، ایک چوکے اور ڈبل کی مدد سے 30رنز بٹورے، بعدازاں آخری اوور کی چوتھی گیند پر ونے کمار کو چھکے سے ہدف عبورکر لیا، فالکنر نے 6 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 29 گیندوں پر 64 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، ایڈم ووگز 88 گیندوں پر76 رنز ناٹ آئوٹ کیساتھ پویلین واپس ہوئے، ان کی اننگز میں 7 بائونڈریز شامل رہیں، دونوں نے اختتامی 8.2 اوورز میں 91رنز کی شراکت قائم کرکے نامکمن کو ممکن کردکھایا۔




ووگز نے فالکنر سے قبل بریڈ ہیڈن کے ہمراہ بھی 25 گیندوں پر 39 رنز کی پارٹنر شپ سے ٹیم کو فتح کے قریب کیا، کینگروز نے 304 کا ہدف 6 وکٹ پر حاصل کرلیا، اس سے قبل بھارت نے ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باوجود کپتان دھونی کی سنچری سے تقویت پاتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 303 کا مجموعہ ترتیب دیا، اوپنرز روہت شرما (11) شیکھر دھون (8) کے جلد میدان بدر ہوجانے پر کوہلی نے68 رنز بناکر ٹیم کو سنبھالا دیا، سریش رائنا(17) اور یوراج کے گولڈن ڈک نے بھارتی اسکور 76-4 کردیا، پانچویں وکٹ کیلیے کوہلی اور دھونی کا گٹھ جوڑ مجموعے کو 148 تک لے گیا، 72رنز کی شراکت کوہلی کے میدان بدر ہونے پر ٹوٹی، دھونی 121 گیندوں پر 139رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، یہ ان کی 9ویں ون ڈے سنچری ثابت ہوئی، جونسن نے 4وکٹیں لیں۔
Load Next Story