سمانتھا اسٹوسر مسلسل دوسرے ٹائٹل سے ایک فتح دور

کریملن کپ کے فائنل میں سیمونا ہالیپ سے مقابلہ، لگسمبرگ میں کیرولین ووزینسکی نے سبائن لیسکی کو پچھاڑدیا

ویانا اے ٹی پی کے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ جوئے ولفریڈ سونگا کو شکست۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

لاہور:
سمانتھا اسٹوسر مسلسل دوسرے ٹائٹل سے ایک فتح کی دوری پر پہنچ گئیں،کریملن کپ کے فیصلہ کن معرکے میں ان کا سامنا سیمونا ہالیپ سے ہوگا جو سیزن میں اپنی پانچویں ٹرافی جیتنے کیلیے پرعزم ہیں۔

لگسمبرگ سیمی فائنل میں کیرولین ووزینسکی نے سبائن لیسکی کو پچھاڑدیا، ویانا اے ٹی پی کے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ جوئے ولفریڈ سونگا کو شکست ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر نے کریملن کپ کے ویمنز سنگلز سیمی فائنل میں 2 مرتبہ کی گرینڈ سلم فاتح روسی حریف سویٹلانا کزنٹسووا کو 6-2 اور6-4 سے مات دے دی، 29 سالہ آسٹریلوی کھلاڑی نے گذشتہ ہفتے اوساکا میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا،اس مرتبہ ٹرافی جیتنے کیلیے انھیں 5 سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کے چیلنج کا سامنا ہوگا، جنھوں نے دوسری میزبان کھلاڑی اناستاسیا پاولیچنکووا کو 6-2 ،6-1 سے قابو کرلیا،یہ 22 سالہ روسی حریف کیخلاف ان کی لگاتار تیسری کامیابی بنی، عالمی درجہ بندی میں 19ویں پوزیشن پر فائز اسٹوسر نے چار مرتبہ سروس بریک کرتے ہوئے پہلا سیٹ محض 38 منٹ میں اپنے نام کیا۔




دوسرے سیٹ میں بھی اسٹوسر کا پلہ بھاری رہا،انھوں نے ایک مرحلے پر5-1 کی برتری حاصل کی،کزنٹسووا نے کچھ مزاحمت کرتے ہوئے2مرتبہ اسٹوسر کی سروس بریک کرکے میچ میں واپسی کا ارادہ کیا لیکن اس کے بعد بازی ان کے ہاتھ سے نکل گئی، مینز سنگلز سیمی فائنلز میں قازقستان کے مائیکل کوکوشین نے دفاعی چیمپئن اور سیکنڈ سیڈ اطالوی پلیئر آندریس سیپی کو 6-1، 1-6 اور 6-4 سے ہرا دیا، فائنل تک رسائی کے دوسرے معرکے میں ٹاپ سیڈ فرانس کے رچرڈ گیسکوئٹ نے کروشیا کے ایوا کارلووک کو 6-4 اور7-5 سے ٹھکانے لگایا۔

لگسمبرگ ویمنز ٹینس کے سیمی فائنلز میں جرمن پلیئر اینیکا بیک کے مقابل آنے والی سوئس پلیئر اسٹیفنی ووئجل 7-5 اور 1-0 کے اسکور پر دستبردار ہوگئیں، کیرولین ووزینسکی نے سبائن لیسکی کو مات دے دی، ان کی فتح کا اسکور 6-4 اور 6-4 رہا۔جرمنی کے ٹامی ہاس نے جمہوریہ چیک کے لوکاس روسول کو مات دیکر تیسری مرتبہ ویانا مینز ٹینس کے فائنل میں جگہ بنالی، ڈچ پلیئر روبن ہیس نے 7-5 اور7-6 سے ٹاپ سیڈ سونگا کو مات دیکر فائنل میں رسائی پائی، اسٹاک ہوم اوپن کے سیمی فائنلز میں ٹاپ سیڈ ڈیوڈفیرر نے لٹویا کے ارنسٹ گلبز کی پیشقدمی3-6 ، 6-4اور6-1 سے ختم کردی، بلغاریہ کے گریگور دیمیتروف نے فرنچ حریف بینوئٹ پائر کو 4-6،6-2 اور6-2 سے زیر کرلیا۔
Load Next Story