پی آئی اے کے بعد ازحج آپریشن میں 2800 حجاج واپس پہنچ گئے

حجاج کا جدہ ایئر پورٹ پر پی آئی اے کی فراہم کردہ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار

67 ہزار عازمین کو حجاز سے واپس لایا جائیگا، حج آپریشن 19 نومبر کوختم ہوگا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن اتوار سے شروع ہوگیا،عازمین حج کی پہلی پرواز اتوار کی صبح 4 بجے لاہور پہنچی،جدہ ایئر پورٹ سے پی آئی اے کے منیجر سعودی عرب شہباز احمد اور دیگر نے حجاج کو الوداع کیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق آج جدہ سے لاہور کیلیے 2 پروازیں، اسلام آباد کیلیے2 پروازیں جبکہ پشاور، کوئٹہ اور کراچی کیلیے ایک ایک پرواز حجاج کرام کو لے کر واپس پاکستان پہنچی ہیں ان پروازوں کے ذریعے2800 حجاج کو وطن واپس پہنچایاگیا ہے، کراچی کی پرواز اتوارکی رات 12 بجے پہنچے گی۔




پی آئی اے کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد جنید یونس جدہ حج ٹرمینل پر موجود پی آئی اے ٹیم کے ساتھ حجاج کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور پروازوں کی بروقت روانگی کے سلسلے میں رابطے میں ہیں۔پاکستان واپس پہنچنے پر حجاج کرام نے جدہ ایئر پورٹ پر پی آئی اے کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات پراپنے اطمینان کا اظہار کیا، ترجمان کے مطابق 67 ہزار سے زائد عازمین کو 149خصوصی پروازوں کے علاوہ معمول کی پروازوں کے ذریعے بھی حجاز مقدس سے واپس پاکستان پہنچا یا جائے گا،بعد از حج آپریشن 19 نومبر کو اختتام پذیر ہو گا۔
Load Next Story