غیر ملکی سرمایہ کاری میں جولائی تا ستمبر42 فیصد اضافہ

گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 12کروڑ 48لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔

ستمبر 2013کے دوران فارن پرائیویٹ انویسٹمنٹ 8کروڑ 66لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 9 کروڑ 26لاکھ ڈالر رہی۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری میں مجموعی طور پر42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا ستمبر 2013کے دوران ملک میں کی جانے والی 33کروڑ 86لاکھ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری گزشتہ سال کے اسی عرصے میں کی جانے والی 23کروڑ 87لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری سے 9 کروڑ 99لاکھ ڈالر (41.9فیصد) زائد رہی، غیرملکی نجی سرمایہ کاری کی مالیت 22فیصد اضافے سے 26کروڑ 96لاکھ ڈالر رہی جس میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) 85فیصد ( 10کروڑ 61 لاکھ ڈالر) کے اضافے سے 23کروڑ 9لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 12کروڑ 48لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔

رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی آمد (انفلوز) 50 کروڑ 22لاکھ ڈالر جبکہ انخلا(آؤٹ فلوز) 27کروڑ 13لاکھ ڈالر رہا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے انفلوز کی مالیت 46کروڑ 41لاکھ ڈالر اور آؤٹ فلوز کی مالیت 33کروڑ 93 لاکھ ڈالر رہی تھی۔




پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 59.6 فیصد کمی ہوئی اور مجموعی پورٹ فولیو سرمایہ کاری گزشتہ سال کی 9کروڑ 60لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 3کروڑ 88لاکھ ڈالر رہی، فارن پبلک انویسٹمنٹ 285فیصد کے اضافے سے 6کروڑ 90لاکھ ڈالر رہی، ستمبر 2012کی 10کروڑ 55لاکھ ڈالر فارن انویسٹمنٹ کے مقابلے میں گزشتہ ماہ مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 12کروڑ 27لاکھ ڈالر رہی۔

ستمبر 2013کے دوران فارن پرائیویٹ انویسٹمنٹ 8کروڑ 66لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 9 کروڑ 26لاکھ ڈالر رہی جس میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 6کروڑ 51 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 9کروڑ 25لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی، پورٹ فولیو سرمایہ کاری 2کروڑ 16لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 1لاکھ ڈالر تک محدود رہی۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سب سے زیادہ 10کروڑ40لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں کی گئی جس کے بعد کیمیکلز سیکٹر 4کروڑ63 لاکھ ڈالر، ٹوبیکو اینڈ سگریٹ کا شعبہ 4کروڑ 52 لاکھ ڈالر اور فنانشل سیکٹر 4کروڑ 5 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ نمایاں رہے، حسب روایت امریکا 7کروڑ 91 لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کے ساتھ سرفہرست رہا، سوئٹزرلینڈ کی سرمایہ کاری 7کروڑ 75 لاکھ ڈالر، ہانگ کانگ 3کروڑ 42 لاکھ ڈالر، اٹلی 3کروڑ 20لاکھ ڈالر، عمان 3کروڑ50 لاکھ ڈالر اور برطانیہ 3کروڑ 6 لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کے ساتھ نمایاں سرمایہ کار ممالک رہے۔
Load Next Story