حصص مارکیٹ میں تیزی155پوائنٹس کی ریکوری

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس155.17 پوائنٹس کے اضافے سے21754.95 ہوگیا

انڈیکس کی21600 اور21700 کی دوحدیں بحال ہوگئیں، تیزی کے سبب 55.41 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ فوٹو: آن لائن

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں عیدالاضحی کی طویل تعطیلات کے بعد پیر کو پہلے کاروباری سیشن میں تیزی کا رحجان غالب رہا ۔

جس سے انڈیکس کی21600 اور21700 کی دوحدیں بحال ہوگئیں، تیزی کے سبب 55.41 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 19 ارب71 کروڑ13 لاکھ92 ہزار375 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکا میں امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کیلیے 1.6 ارب ڈالر مالیت کیکولیشن سپورٹ فنڈ کی منظوری کی خبر کے علاوہ بینکنگ سیکٹرمیں خریداری بڑھنے اورفوجی سیمنٹ کے اچھے مالیاتی نتائج نے کیپٹل مارکیٹ پر مثبت اثرات مرتب کیے۔

اسی طرح غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم بڑھنے کی اطلاعات بھی حصص مارکیٹ کے لیے موثر ثابت ہوئیں، نتیجتاً طویل دورانیے کے بعد مارکیٹ میں ایک بار پھر تیزی کے اثرات غالب ہوئے، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر51 لاکھ 85 ہزار132 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل قائم رہا کیونکہ کاروباری دورانیے میں غیرملکیوں کی جانب سے49 لاکھ35 ہزار447 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے1 لاکھ84 ہزار875 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے64 ہزار 810 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔




کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس155.17 پوائنٹس کے اضافے سے21754.95 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس130.30 پوائنٹس کے اضافے سے16421.13 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 270.53 پوائنٹس کے اضافے سے37038.85 ہو گیا، کاروباری حجم عیدالاضحی کی تعطیلات سے قبل کے آخری سیشن کی نسبت 120.22فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر13 کروڑ64 لاکھ90 ہزار 430 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار314 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا۔

جن میں174 کے بھائو میں اضافہ، 119 کے داموں میں کمی اور21 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں نیسلے پاکستان کے بھائو50 روپے بڑھ کر 6550 اور سیمینس پاکستان کے بھائو12.50 روپے بڑھ کر917.50 روپے ہو گئے جبکہ وائتھ پاکستان کے بھائو 50 روپے کم ہوکر4150 اور انڈس موٹرز کے بھائو 16.05 روپے کم ہوکر305.13 روپے ہوگئے۔
Load Next Story