دوسرا ٹیسٹتمیم نے کیویزکو ڈراپ کیچز کا مزہ چکھا دیا

آغاز میں ہی2 مواقع ملنے پر95کی اننگز کھیلی،بنگلہ دیش کے5وکٹ پر 228 رنز

دوسرے ٹیسٹ میں کیوی وکٹ کیپر بریڈلی جان واٹلنگ ،تمیم اقبال کا کیچ ڈراپ کر رہے ہیں،بنگلہ دیشی بیٹسمین نے95رنز کی اننگز کھیلی ۔ فوٹو : اے ایف پی

دوسرے ٹیسٹ کے ابتدائی روز تمیم اقبال نے کیویز کو ڈراپ کیچز کا مزہ چکھا دیا، آغاز میں ہی2 مواقع ملنے پر 95 رنز جڑ دیے۔

سنچری کی حسرت ہی رہ گئی، بنگلہ دیش نے 5 وکٹ پر 228 رنز بنائے تھے کہ بارش نے پہلے روز کا کھیل ختم کرا دیا، نیل ویگنر نے 2 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، انعام الحق صرف 7 رنز پر ٹرینٹ بولٹ کی وکٹ بن گئے کیچ جان واٹلنگ نے تھاما، تمیم اقبال اننگز کے آغاز میں قسمت کے دھنی ثابت ہوئے، 2بار وہ آؤٹ ہونے سے بال بال بچے، دونوں ہی بار بدقسمت بولر ڈگ بریسویل ہی تھے۔ 24 سالہ لیفٹ ہینڈر کا پہلا کیچ 5 رنز پر وکٹ کیپر بریڈلی جان واٹلنگ نے ڈراپ کیا، 10رنز پر پہنچے تو کپتان برینڈن میک کولم کے ہاتھ گیند کو محفوظ نہیں کرپائے۔




 

تمیم نے دوسری وکٹ کیلیے مارشل ایوب کے ساتھ 67کی شراکت کی، مارشل نے 41 رنز بنائے، انھیں اسپنر بروس مارٹن کی جگہ دوسرے ٹیسٹ کی الیون میں شامل ہونے والے نیل ویگنر نے بولڈ کیا، اب تمیم کو مومن الحق نے جوائن کیا، تیسری وکٹ کی شراکت میں دونوں نے 76 رنز جوڑے، مومن 47 رنز پر کورے اینڈرسن کی وکٹ بن گئے۔

کیچ واٹلنگ نے تھاما، تمیم کا جون 2010 کے بعد پہلی سنچری کا خواب اس وقت خاک میں مل گیا جب انھوں نے ویگنر کی گیند کو فضا میں اچھالا اور کین ولیمسن نے آسانی سے کیچ تھام لیا، نوجوان اسپنر سودھی نے شکیب الحسن کو 20 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ جب چائے کا وقفہ ہوا تو بنگلہ دیش کا اسکور 5 وکٹ پر 228 رنز تھا، اس موقع پر ایسی بارش شروع ہوئی کہ دوبارہ کھیل شروع ہونے کا موقع ہی نہیں مل سکا جس پر امپائرز نے کھیل کے اختتام کا اعلان کردیا۔اس وقت مشفیق الرحیم 14 رنز پر کھیل رہے تھے، ڈگ بریسویل نے 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ، سودھی اور کورے اینڈرسن نے ایک، ایک وکٹ لی۔
Load Next Story