امریکی سرمایہ کاروں کادورہ پاکستان کھٹائی میں پڑنے کاخدشہ

وفدمارچ2014میں آناچاہتا ہے،ٹی ڈیپ کی دلچسپی نہیں،صدرپاکستان چیمبر امریکا

بروقت دورے کیلیے تمام وسائل استعمال کرینگے،قائم مقام صدرکراچی چیمبرکی یقین دہانی فوٹو: فائل

ٹی ڈی اے پی کی سردمہری کے باعث مارچ 2014 میں پاکستان آنے کے خواہشمند امریکی سرمایہ کاروں کے دورے کو حتمی شکل نہیں دیا جاسکی۔

یہ بات پاکستان چیمبرآف کامرس امریکا کے صدر خالد قاضی نے منگل کوکراچی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی تاجرپاکستان میں سرمایہ کاری وکاروباری مواقع کا جائزہ لینے کے خواہاں ہیں اور اس غرض سے انہوں نے مارچ 2014 میں پاکستان کا دورہ کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے لیکن اس حوالے سے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان سرگرم نظر نہیں آرہی ہے جس کی وجہ سے تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی، اس امریکی وفد میں 3 پاکستانی نژاد تاجروں کے علاوہ 17امریکی تاجر بھی شامل ہونگے۔

ہیوسٹن کے میئر بھی وفد کاحصہ ہونگے، ایوان صنعت وتجارت کراچی مجوزہ دورے کی انتظامی سربراہی قبول کرتے ہوئے حکومتی عدم دلچسپی ختم کرانے میں مداخلت کرے تاکہ امریکی تاجروں کے وفد کے دورہ پاکستان کی راہ ہموار ہوسکے۔ قاضی خالد نے کہاکہ پاکستان چیمبر آف کامرس امریکا اور ایوان صنعت وتجارت کے درمیان رابطے کو مزید بہتر بنایاجائے گا، آن لائن وڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کے دونوں چیمبرکے درمیان ماہانہ سیمینارز، مشترکہ اجلاسوں میں شرکت یقینی بنائی جاسکتی ہے۔ کراچی چیمبرکے قائم مقام صدر مفسر اے ملک نے یقین دہانی کرائی کہ وہ پاکستان چیمبر آف کامرس امریکا کے تاجروں کے دورے میں حائل رکاوٹوں کو دو رکرنے کے لیے تمام وسائل استعمال کرینگے، کوشش ہوگی کہ دورہ بروقت ہو سکے اور تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے ہوں۔




انہوں نے پاک امریکا تجارتی معاہدے کی تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ امریکاپاکستان کو ایڈ دینے کے بجائے ٹریڈ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری میں اضافے کوفروغ دینے پرتوجہ مرکوزکرے، ہم دونوں حکومتوں کی طرف سے دوطرفہ سرمایہ کاری کے معاہدوں کے لیے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں، ان معاہدوں سے حالات بالکل تبدیل ہوجائیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان آزادتجارتی معاہدے کے لیے بات چیت کی راہ ہموار ہوسکے گی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان چیمبر آف کامرس امریکا تجارتی میلوں ، نمائشوں اور دیگرسرگرمیوں کے لیے کے سی سی آئی تعاون کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے مصنوعات ایک دوسرے کے خطے میں متعارف کرائی جاسکیں۔ انہوں نے پاکستان چیمبر آف کامرس امریکا کے ارکان کومائی کراچی نمائش میں شرکت کی دعوت دی جو جون 2014میں منعقد کی جائیگی۔ کے سی سی آئی کے نائب صدر محمد ادریس، سابق صدور ہارون اگر، میاں ابرار، مجید عزیز اور منیجنگ کمیٹی کے دیگر ارکان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
Load Next Story