قائداعظم ٹرافی کرکٹ دفاعی چیمپئن کراچی بلوز کی مہم کا آج آغاز

ایبٹ آباد کے مقابل، لاہور راوی اور سیالکوٹ ریجن کا ٹکرائو ایل سی سی اے گراؤنڈ پر ہوگا

ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 12ریجنز کی 14 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، ان میں شہر قائد اور لاہورکی2،2 سائیڈزشامل ہیں۔فوٹو:فائل

قومی کرکٹ سیزن 2013-14کا بدھ سے آغاز ہو گا، بیک وقت2 ٹورنامنٹس کھیلے جائیں گے، قائد اعظم ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کراچی بلوز کی مہم نیشنل اسٹیڈیم میں ایبٹ آباد سے میچ کے ذریعے شروع ہوگی۔

ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 12ریجنز کی 14 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، ان میں شہر قائد اور لاہورکی2،2 سائیڈزشامل ہیں، شریک ٹیموں کو 2گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے،28 جنوری2014 تک مجموعی طور پر61 میچز کھیلے جائیں گے، لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ پر میزبان راوی اور سیالکوٹ ریجن کا ٹکرائو ہوگا ،بہاولپور کے ڈرنگ اسٹیڈیم پر میزبان ٹیم راولپنڈی ریجن کا استقبال کرے گی،گروپ ٹو میں لاہور شالیمار اور کراچی وائٹس کا مقابلہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا، نیاز اسٹیڈیم میںکوئٹہ ریجن کی سائیڈ حیدر آباد کی میزبانی کا لطف اٹھائے گی،فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں میزبان اور ملتان ریجن مدمقابل ہوں گے،دوسری جانب بدھ ہی سے شروع ہونے والے پریذیڈنٹ ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں11محکمہ جاتی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں ، سنگل لیگ کی بنیاد پر ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر45 میچز ہوں گے۔




واضح رہے کہ7ٹورنامنٹس پر مشتمل نئے ڈومیسٹک سیزن میں تیسرا ایونٹ سہ روزہ انٹر ریجن انڈر19کرکٹ ٹورنامنٹ 26 اکتوبر سے شروع ہوگا ، 9 دسمبر تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں شریک23ٹیموں کو 4 گروپس میں شامل کیا گیا ہے، بعدازاں 28 اکتوبر سے ایک روزہ پریذیڈنٹ کپ اور قومی ریجنل ایک روزہ ٹورنامنٹ بھی شروع ہو جائیں گے، شیڈول کے تحت قائد اعظم ٹرافی میں میچ کھیلنے والی ٹیمیں ان ہی میدانوں پر ون ڈے کپ کے میچز میں مقابل آئیں گی،30اکتوبر تا 13دسمبر ایک روزہ انٹر ریجن انڈر19 کرکٹ ٹورنامنٹ ہوگا جبکہ سیزن کے آخری ایونٹ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز20 نومبر سے ہوگا، ایونٹ29 نومبر تک جاری رہے گا، اس میں17 ٹیمیں شریک ہوں گی۔
Load Next Story