عمران کی عمدہ بولنگ پر استاد عبدالقادر کا سر فخر سے بلند

طویل عرصے بعد کسی اسپنر کو اتنی اچھی بولنگ کرتے دیکھا، سابق پاکستانی اسٹار

بیٹسمینوں کی ناقص پرفارمنس کے باوجود امید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے، مشتاق احمد۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر نے عمدہ بولنگ سے اپنے استاد عبدالقادر کا سر فخر سے بلند کر دیا، سابق پاکستانی اسٹار کا کہنا ہے کہ میں نے طویل عرصے بعد کسی اسپنر کو اتنی اچھی بولنگ کرتے دیکھا، ٹیسٹ سے لیگ اسپن کا فن ختم نہیں ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی شین وارن سمیت متعدد مایہ ناز لیگ اسپنرز کی طرح عمران طاہر بھی عبدالقادر سے خصوصی ٹپس لے چکے ہیں، ان کی کامیابی پر وہ خوشی سے سرشار ہیں، انھوں نے کہا کہ پروٹیز اسپنر کی جتنی بھی تعریف کریں وہ کم ہے، دبئی ٹیسٹ میں ان کا اسپیل قابل رشک رہا، بڑے عرصے بعد میں نے کسی اسپنر کو ایسی شاندار بولنگ کرتے دیکھا، اس پرفارمنس پر میں اتنا خوش ہوں کہ اسے الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔




عبدالقادر نے کہاکہ عمران طاہر نے جس طرح فلپر اور گگلی کے ذریعے بیٹسمینوں کو چکمہ دے کر وکٹیں حاصل کیں وہ قابل تعریف ہے،اس شاندار کارکردگی سے جنوبی افریقی اسپنر کے اعتماد میں اضافہ ہوگا جس کا فائدہ اسے مستقبل کے مقابلوں میں ہوگا۔ ایک سوال پر عبدالقادر نے کہا کہ کہا جا رہا تھا کہ کرکٹ سے لیگ اسپن ختم ہوتی جا رہی ہے لیکن عمران طاہر کی بولنگ نے ثابت کر دیا کہ یہ فن اب بھی زندہ ہے۔ دوسری جانب سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے کہاکہ پاکستانی بیٹسمینوں کے ناقص کھیل کے باوجود امید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے، ابتدائی دن کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر نہ صرف میچ میں کم بیک بلکہ ٹیسٹ بھی جیتا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی بولرز پروٹیز کو 250 کے اندر آئوٹ کرنے میں کامیاب ہو گئے تو ٹیم کم بیک کر سکتی ہے۔
Load Next Story