مینجمنٹ کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا عمر اکمل

ون ڈے میں نئی گیند سے اچھی بولنگ کی صلاحیت رکھتا ہوں، وہاب ریاض

دورئہ ویسٹ انڈیز کے دوران اپنی کارکردگی سے ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کیا تھا، عمر اکمل۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کا کہنا ہے کہ بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ کے شعبے میں سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔

فاسٹ بولر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ون ڈے میں نئی گیند سے اچھی بولنگ کی صلاحیت رکھتا ہوں، عملی مظاہرہ یواے ای کی وکٹوں پر کرنا چاہتا ہوں۔ دونوں کھلاڑی ون ڈے پلیئرز کے تربیتی کیمپ میں شریک ہیں، نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے بات چیت میںعمر اکمل نے کہا کہ دورئہ ویسٹ انڈیز کے دوران اپنی کارکردگی سے ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کیا تھا، اب کوشش ہوگی کہ اپنے اس ردھم کو جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز میں بھی برقرار رکھوں، انھوں نے کہا کہ پاکستانی ڈریسنگ روم کا ماحول دنیا کی تمام ٹیموں سے بہتر ہے، میں مکمل فٹ اور بھرپور فارم میں ہوں، کوشش کروںگا کہ بیٹنگ کے ساتھ وکٹ کیپنگ میں اچھی کارکردگی سے ٹیم کے کام آؤں۔




ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ مجھ پر کسی قسم کا کوئی دبائو نہیں ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میرا میڈیکل چیک اپ کرانے میں میری بھرپور مدد کی۔ عمر اکمل نے کہاکہ دنیا کا کوئی کپتان یہ ہرگز نہیں چاہے گا کہ اس کے کسی ان فارم کھلاڑی کو ٹیم سے باہر کر دیا جائے،مجھے ڈراپ ہونے پر مایوسی ہوئی مگر اب کم بیک پر عمدہ کھیل پیش کرنا چاہتا ہوں۔ اس موقع پر فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہاکہ میرا فٹنس لیول پہلے سے بہت زیادہ اچھا ہے،سلیکشن کمیٹی جس طرز میں بھی کھیلنے کا موقع دے عمدہ کارکردگی دکھا کر انتخاب درست کرنے کی کوشش کروں گا۔انھوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف عرب امارات میں وکٹیں اسپنرز کو مدد دے رہی ہیں تاہم فاسٹ بولرز بھی اچھی بولنگ کر کے ٹیم کے کام آ سکتے ہیں، میری کوشش ہوگی کہ اپنی بولنگ کے ذریعے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کروں۔ وہاب ریاض نے کہا کہ نئی گیند سے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوں، ون ڈے میں دونوں اینڈز سے نئی گیندیں استعمال ہونے کے سبب اب بولرز کو زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے۔
Load Next Story