حکومت سندھ غریبوں کیلیے50 ہزار گھر تعمیر کرائے گی

محکمہ ریونیو کے تحت بینظیر بھٹو ٹاؤنز اسکیم اور پکار فاؤنڈیشن میں معاہدہ ہوگیا

پکار فاؤنڈیشن7 اضلاع میں 7800 گھروں کی تعمیر آئندہ 3 ماہ میں شروع کریگی. فوٹو؛ فائل

KARACHI:
حکومت سندھ اور پکار فاؤنڈیشن شہید بے نظیر بھٹو ٹاؤنز اسکیم کے تحت غریب افراد کو رہائش فراہم کرنے کیلیے50 ہزار گھر تعمیر کریں گے۔


پہلے مرحلے میں سندھ کے7 اضلاع میں 7800 گھروں کی تعمیر آئندہ 3 ماہ میں شروع ہوگی،پکارفاؤنڈیشن کے صوبائی سربراہ سردار اعجاز نے پریس کانفرنس میں کہا کہ محکمہ ریونیو کے زیر اہتمام شہید بینظیر بھٹو ٹاؤنز اسکیم اور پکار فاؤنڈیشن میں معاہدہ ہوا ہے،معاہدے پر بینظیر ٹاؤنزاسکیم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر آغا مقصود عباس اور پکار فاؤنڈیشن کے صدر راشد علی مغل نے دستخط کیے،دونوں ادارے غریب خاندانوں کو رہائش فراہم کرنے کے لیے50 ہزار گھر تعمیر کریں گے اس پراجیکٹ کے لیے اراضی اور انفرااسٹرکچر حکومت سندھ فراہم کرے گی ۔


جبکہ پکار فاؤنڈیشن کا کام گھروں کی تعمیر کے لیے مشاورتی اداروں تعمیراتی اداروں اور انسپکشن ٹیموں کی خدمات حاصل کرنا ہوگا،تعمیراتی کام کے لیے ایسے اداروں کا انتخاب ہوگا جن کے نرخ مناسب اورکام معیاری ہوگا،گھروں کی تعمیر کے لیے فنڈز پکار فاؤنڈیشن ڈونرز ایجنسیوں کے تعاون سے جمع کریگی،ابتدا میں سندھ کے7اضلاع حیدر آباد ،ٹھٹھہ ،دادو ،عمرکوٹ ،مٹھی ،کشمور اور تھرپارکر میں آئندہ 3 ماہ میں 7800 گھر کی تعمیر شروع ہوگی، پراجیکٹ کے تحت غریب ترین اور بے گھر افراد جن کی ماہانہ آمدنی10ہزار سے کم ہو انھیں مفت یا آسان اقساط پر گھر فراہم کیے جائیں گے۔
Load Next Story