سیاسی رہنماؤں کا نواز اوباما ملاقات کے نتائج پر اظہار مایوسی

نوازشریف ڈرون حملوں،عافیہ صدیقی کی رہائی اورکشمیر پر مثبت امریکی جواب حاصل نہیں کرسکے، منور حسن

نوازشریف ڈرون حملوں،عافیہ صدیقی اور مسئلہ کشمیر پر امریکا کا مثبت اور امید افزأ جواب حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ فوٹو:فائل

HYDERABAD:
ملک بھر کی مذہبی اور سیاسی رہنماؤں نے نواز شریف کے دورہ امریکا اور صدر اوباما سے ملاقات کے نتائج پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

تحریک انصاف کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی امریکی حکام کوڈرون حملے روکنے کے حوالے سے واضح پیغام دینے میں ناکامی بڑی بدقسمتی ہے۔ تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی نے کہا کہ اوباما نے نواز شریف کی باتیں سنی ان سنی کرتے ہوئے ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی کا مطالبہ کردیا۔امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے نوازشریف اور اوباما کی ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف ڈرون حملوں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور مسئلہ کشمیر پر امریکا کی طرف سے کوئی مثبت اور امید افزأ جواب حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ نوازشریف کو اپنے گھر کو درست کرنے کی بات امریکا میں نہیں ، اپنی پارلیمنٹ میں کرنی چاہیے تھی ۔ وہ کسی بجلی چور رکن اسمبلی کو تو پکڑ نہیں سکے، حالات کیسے درست کریں گے ۔




جمعیت علماء اسلام(س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ امریکی صدر اوباما نے نوازشریف کے ساتھ حافظ سعید کی بات بھارت کو خوش کرنے کیلیے کی۔ بڑے بڑے دعووں کے باوجود ڈرون حملے روکنے کی کوئی بات سامنے نہیں آئی۔ حکمرانوں کو چاہیے تھا کہ وہ عافیہ صدیقی کی رہائی اور ریمنڈ ڈیوس کا مسئلہ بھی اٹھاتے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔ جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے کہاکہ امریکا نے ڈرون حملے بند کرنے کا پاکستانی مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔ عسکری امور کے ماہر جنرل (ر) حمید گل نے کہاکہ امریکی صدر اوباما نے انڈیا کی وکالت کی ہے۔ لائن آف کنٹرول ، ممبئی حملہ کیس سمیت جماعۃ الدعوۃ کا بھی ذکر کیا گیا، وہ پاکستان کو دبائو میں رکھنا چاہتے تھے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کی ملاقات کا اوباما پر اثر ہے، امریکا کے انڈیا کے ساتھ گہرے روابط ہیں۔ مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اعجاز الحق، امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفار روپڑی اور دیگر نے کہاکہ ملک بھر کے مختلف شہروں میں ہونے والے بم دھماکوں اور خودکش حملوںمیں براہ راست انڈیا ملوث ہے۔ جماعۃالدعوۃ نے عوامی سطح پر انڈیا کے اس گھنائونے کردار کو بے نقاب کیا ہے۔ ڈاکٹر شکیل ملک و قوم کا مجرم ہے اس کا یہیں ملک میں ٹرائل ہونا چاہیے۔ تحریک استقلال کے صدر رحمت خان وردگ نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ امریکا لاحاصل ہے۔ امریکہ ہمیشہ مسلمان ممالک کو باہمی انتشار کا شکارکرکے اپنے ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرتا ہے۔ بینظر بھٹو کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان اور سابق سینیٹر ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ دورہ امریکہ سے ملک میں کوئی بڑی تبدیلی آنے کی توقع نہیں ہے، خارجہ پالیسی واضح نہیں ہے۔
Load Next Story