پیپلز پارٹی عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے

ن لیگ کی سیاست منافقت کی ہے،انکی تاریخ دھوکہ بازی پر مبنی ہے،جام مہتاب۔

ن لیگ کی سیاست منافقت کی ہے،انکی تاریخ دھوکہ بازی پر مبنی ہے،جام مہتاب۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چائولہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے جبکہ نواز شریف اور ان کے حواری چور مچائے شور کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں،یہ بات آج انھوں نے اپنے کیمپ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انھوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کا شور مچانے والے اور میڈیا کو بدنام کرنے والے چوہدری نثار پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں کہ انتخابات میں دھاندلی کرنا اور میڈیا کو بلیک میل کرنا مسلم لیگ (ن) کا شیوہ رہا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ پی پی پی ہمیشہ عوام کے ووٹوں کے ذریعے اقتدار میں آئی ہے جبکہ آمروں کی گود میں پلنے والے چور دروازے سے اقتدار میں داخل ہوتے ہیں ،مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت عوام کے منتخب کردہ نمائندوں کی حکومت ہے اور منتخب نمائندوں کی توہین کا مطلب 18 کروڑ عوام کی توہین ہے۔


صدر مملکت آصف علی زرداری کی مدبرانہ سیاست کی وجہ سے ملک میں جمہوری استحکام ہے اور مضبوط جمہوریت مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے،علاوہ ازیں اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ریونیو جام مہتاب حسین ڈھر نے کہاکہ انصاف کے تقاضے سب کے لیے ایک جیسے ہونے چاہئیں، اگرکوئی چیف جسٹس کا فرزند ہے تو اسے بھی ایک عام فرد کی طرح عدالت اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنا چاہیے، پاکستان میں جمہوریت رائج ہے جمہوری ادارے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کر رہے ہیں،عدالتوں کو بھی آئین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے دائرہ کار میں خدمات انجام دینی چاہئیں۔

انھوں نے کہا کہ جن ایشوز پر عدلیہ کی دلچسپی ہوتی ہے تو اس پرفوری سوموٹو ایکشن لیتی ہے تاہم عوامی مسائل اور حکومتی اراکین کے ایشوز پرکوئی توجہ نہیں دی جاتی ہے، نواز شریف کے کئی اسکینڈلز ہیں، نواز شریف اور ان کے حواریوں نے گندم اسکینڈل اور موٹر وے اسکینڈل میں اربوں روپے کمائے ہیں،صوبائی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کی کرپشن کے مقدمات کو فوری طور پر کھولا جائے ان پر سوموٹو ایکشن کیوں نہیں لیا جاتا ہے، جام مہتاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے،مسلم لیگ (ن) کی منافقت کی سیاست ہے اور ان کی تاریخ دھوکہ بازی پر مبنی ہے۔
Load Next Story