ایشز سیریز بک میکرز نے انگلش ٹیم کو فیورٹ قرار دے دیا

آسٹریلیا کو ہوم شائقین کے سامنے ہرانے کو اپنے لیے چیلنج خیال کرتے ہیں،کپتان

انگلینڈ کو سیریز میں فاتح کیلیے 10/11 کا ریٹ جبکہ آسٹریلیا کے ڈرا کرنے پر13/8 اور9/2 کا بھاؤ رکھ دیا گیا۔ فوٹو: فائل

برطانوی بک میکرز نے جوابی ایشز سیریز میں الیسٹرکک الیون کو فیورٹ قرار دے دیا۔

ولیم ہل نے انگلینڈ کو سیریز میں فاتح کیلیے 10/11 کا ریٹ دیا ہے جبکہ آسٹریلیا کے ڈرا کرنے پر13/8 اور9/2 کا بھائو رکھاگیا، انگلش کپتان الیسٹرکک بھی 23 نومبر سے پرتھ میں آسٹریلیا کیخلاف شروع ہونے والے روایتی مقابلوں میں اپنی ٹیم کے فیورٹ ہونے پر خوش ہیں، ان کا کہنا ہے جب آپ نے گذشتہ تین سیریز جیتی اور آخری کامیابی پائے ہوئے صرف2 ماہ ہی گزرے ہوں تو لوگوں کا ٹیم کو فیورٹ کہنا مناسب لگتا ہے، انھوں نے مزید کہاکہ ہمیں آسٹریلیا میں ایشز کھیلنے جانے پر پہلی مرتبہ فیورٹ سمجھا جارہا ہے ، ہم انھیں ان کے شائقین کے سامنے ہرانے کو اپنے لیے چیلنج خیال کرتے ہیں۔




یاد رہے کہ آسٹریلیا کو انگلینڈ میں کھیلی گئی ایشز سیریز میں بیٹنگ آرڈر میں تواتر کی جانے والی تبدیلیوں کا خمیازہ ناکامی کی صورت میں بھگتنا پڑا تھا، اس مرتبہ کوچ ڈیرن لی میں زیادہ استقامت کا مظاہرہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں،انگلش اسپنر گریم سوان نے پرتھ آمد پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی تو یہ سیریز خاصی دلچسپ ہوگی، مجھ سے آسٹریلوی بیٹنگ لائن میں تباہی مچانے کیلیے انتظار نہیں ہورہا۔ دوسری جانب رواں برس انگلینڈ میں سیریز سے قبل آسٹریلوی ٹیم کی کوچنگ سے برطرف کیے جانے والے مکی آرتھر کے خیال میں جوابی ایشز سیریز میں ناکامی کرکٹ آسٹریلیا کے طاقتور تینوں افراد جیمز سدرلینڈ، پیٹ ہاورڈ اور کپتان مائیکل کلارک کیلیے بڑا چیلنج ہوگی، میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ اگر انگلینڈ حالیہ سیریز بھی جیت گیا تو یہ تینوں افراد اپنے عہدے سے جاسکتے ہیں۔
Load Next Story