پاک بھارت ینگ انٹرپرینیورز کانفرنس کا اعلان

اسلام آباد چیمبر کے تحت منگل کومنعقد کی جائیگی، 30رکنی بھارتی وفدشریک ہوگا۔

بڑی تعداد، اعلیٰ سرکاری اہلکار، سفرا، یونیورسٹیوں کے نمائندگان و طلبا اور پالیسی ساز بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا ینگ انٹرپرینیورز فورم (وائی ای ایف) منگل 29اکتوبر 2013 کو اسلام آباد میں انڈو پاک ینگ انٹرپرینیورز کی ایک کانفرنس منعقد کر رہا ہے۔

کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت کے تقریباً 30ینگ انٹرپرینیورز، پروفیشنلز اور چینج میکرز پاکستان آرہے ہیں، اس کے علاوہ مقامی تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد، اعلیٰ سرکاری اہلکار، سفرا، یونیورسٹیوں کے نمائندگان و طلبا اور پالیسی ساز بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور وائی ای ایف کے چیئرمین شعبان خالد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ساؤتھ ایشین ریجن کے سب سے بڑے ممالک ہونے کی وجہ سے پاکستان اور انڈیا کے مابین باہمی تجارت کو بہتر کرنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں، اگر دونوں پڑوسی ممالک تجارت کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر توجہ دیں اور تاجر برادری کو سہولت فراہم کریں تو باہمی تجارت کو موجودہ 2.5 ارب ڈالر سالانہ سے بڑھا کر 10ارب ڈالر سالانہ تک لے جایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی مجموعی آبادی ڈیڑھ ارب سے زیادہ ہے لہٰذا پاکستان اور بھارت آپس کے تعلقات کو بہتر کر کے خطے میں ایک مضبوط اقتصادی بلاک کی صورت اختیار کر سکتے ہیں اور اپنے عوام کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری لا سکتے ہیں تاہم یہ مقاصد تب ہی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔




جب دونوں ممالک عدم اعتماد کی دیواروں کو گرانے و غلط فہمیاں دور کرنے کیلیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی نوجوان بزنس کمیونٹی کے درمیان باقاعدہ ملاقاتوں کا سلسلہ باہمی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو بتدریج دور کرنے اور باہمی اعتماد کی فضا کو بحال کرنے میں ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

شعبان خالد نے کہا کہ انڈو پاک ینگ انٹرپرینیورز کانفرنس دونوں ممالک کی نوجوان تاجر برادری کو قریب لانے اور باہمی تجارتی تعلقات کو بہتر کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہو گی، کانفرنس نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر تعلقات کو بہتر کرنے، رکاوٹوں کو دور کرنے اور تجارت کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلیے تبادلہ خیال کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ کانفرنس نہ صرف دونوں ممالک کی نوجوان تاجر برادری کے درمیان مضبوط رشتے قائم کرنے میں مدد گار ثابت ہو گی بلکہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کوبہتر کرنے کیلیے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں بھی مثبت کردار ادا کریگی۔
Load Next Story