واٹر بورڈ کا بل نہ دینے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان

کثر المنزلہ عمارتوں، مکانات ،دکانوں ،ریسٹورنٹس،ہوٹلوں کے پانی وسیوریج کے کنکشن مزید مہلت دیے بغیر منقطع کیے جائیں گے

ادارہ فراہمی ونکاسی آب کراچی کے ٹیکس ڈپارٹمنٹ کا بڑے نادہندگان کو نوٹسوں کا اجرا،مہلت کی مدت گزرنے کے بعد نادہندگان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ فوٹو : فائل

ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کے ایم ڈی اسداللہ خان کی ہدایات پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آرآر جی وفنانس محمد ثاقب نے واٹربورڈکے ٹیکس ڈپارٹمنٹ کونادہندگان کے خلاف بھرپورمہم شروع کرنے کے احکام جاری کردیے ہیں۔

واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹراسداللہ خان نے واٹربورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آرآر جی اور فنانس کو ہدایت کی تھی کہ واٹربورڈ کے بل اور واجبات ادانہ کرنے والے نادہندگان کے خلا ف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔


ان ہدایات پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آرآرجی وفنانس نے واٹربورڈ کے شعبہ ٹیکس کے ڈائریکٹرز ،ڈپٹی ڈائریکٹرز اوراسسٹنٹ ڈائریکٹرز کومنعقدہ ایک اجلاس کے دوران پابند کیا ہے کہ وہ شہربھرمیں نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے لیے اپنے متعلقہ علاقوں میں فوری کارروائی کریں اور عدم ادائیگی پر کثیر المنزلہ عمارتوں ،رہائشی بلڈنگوں ، مکانات ،دکانوں ،ہوٹلوں ، ریسٹورنٹس کے پانی وسیوریج کے کنکشن مزید مہلت دیے بغیر منقطع کردیے جائیں۔

ان احکام کے اجراکے بعد واٹربورڈکے ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے نادہندگان کو نوٹس کا اجرا کردیا ہے اور اب نوٹسز میں دی گئی مہلت کی مدت گزرنے کے بعد نادہندگان کے خلاف بھرپور مہم کاآغاز کیا جارہا ہے۔

ایم ڈی واٹربورڈ کی خصوصی ہدایات پر واٹربورڈ شعبہ انجینئرنگ ،ٹیکس ڈپارٹمنٹ کو بھرپور مدد فراہم کرے گا،نادہندگان کے خلاف کارروائی کیلیے شعبہ ٹیکس کو مطلوبہ عملہ اور ضروری مشینری فراہم کردی گئی جبکہ نادہندگان کی حتمی فہرست بھی تیار کرکے تمام ڈویژنوں کوفراہم کردی ہے۔
Load Next Story