میچ فکسنگ کے چھینٹوں سے انگلینڈ کا دامن بھی داغدار

روی بوپارا سے بھی مشکوک حرکات پر آئی سی سی کی پوچھ گچھ کاانکشاف

انگلش پلیئر سے بینک اکائونٹ اور فون کے حوالے سے معلومات لی گئیں۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
میچ فکسنگ کے چھینٹوں سے انگلینڈ کا دامن بھی داغدار ہونے لگا، روی بوپارا سے بھی مشکوک حرکات پر آئی سی سی کی پوچھ گچھ کاانکشاف ہوا ہے۔

انگلش پلیئر سے بینک اکائونٹ اور فون کے حوالے سے معلومات لی گئیں، بوپارا نے بھی معاملے میں اپنا وکیل یاسین پٹیل کو مقررکیا۔ تفصیلات کے مطابق کرپشن الزام پر دیگر ممالک خاص طور پر پاکستان پر انگلیاں اٹھانے والے انگلینڈ کے اپنے پلیئرز فکسنگ سے داغدار ہورہے ہیں، میرون ویسٹفیلڈ کی کرپشن کا ذمہ دار تو بورڈ نے کنیریا کو ٹھہرایا مگر ڈیرن اسٹیون کیخلاف آئی سی سی باقاعدہ فرد جرم عائد کر چکی، ان پر کرپٹ رابطوں کا معاملہ چھپانے کا الزام ہے، اب انکشاف ہواکہ روی بوپارا پر بھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو نہ صرف شک تھا بلکہ ان کیخلاف تحقیقات کیساتھ پوچھ گچھ بھی کی گئی۔




انگلینڈ کی جانب سے 94 ون ڈے اور 13 ٹیسٹ کھیلنے والے بوپارا ان دنوں بنگلہ دیش میں ڈھاکا پریمیئر لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں، ان پر بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں فکسنگ کے الزامات اتنے شدید نوعیت کے تھے کہ آئی سی سی کو ان کیخلاف تحقیقات کرنا پڑیں، ساتھ میں بوپارا سے تفتیش بھی کی گئی اور انھیں اپنے اکائونٹ و فون کالز کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم کرنے کا بھی حکم دیا گیا،اس کی عدم تکمیل کی وجہ سے وہ معطل ہونے کے قریب تھے مگر آخری لمحات میں وہ یہ معلومات فراہم کرنے میں کامیاب رہے۔

28 سالہ کرکٹر سے اینٹی کرپشن و سیکیورٹی یونٹ نے 15 فروری کو پوچھ گچھ کی اور انھیں معلومات فراہم کرنے کو کہا مگر وہ جون میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی تک معلومات دینے میں ناکام رہے، پہلے وہ بنگلہ دیش میں مصروف تھے پھر جنوبی افریقہ میں ڈومیسٹک ٹوئنٹی 20 میچ کھیلا۔ بوپارا نے بھی قانونی مشیر کے طور پر یاسین پٹیل کی خدمات حاصل کیں جو فکسنگ کیس میں ہی ملوث سلمان بٹ اور ڈیرن اسٹیون کی بھی وکیل ہیں۔ انھوں نے پوچھ گچھ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی کرپشن یونٹ کے آفیشل کی پولیس جیسی تفتیش کسی صورت درست نہیں ہے۔
Load Next Story