اقرا یونیورسٹی نے عالمی حیثیت منوالی انٹرنیشنل رینکنگ میں شامل

عالمی رینکنگ ایجنسی کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی نے اقرا یونیورسٹی کا فیکلٹی اسٹوڈنٹ تناسب خطے میں بہترین قرار دیا

جامعہ کراچی اور این ای ڈی یونیورسٹی نے اپنی سابقہ رینکنگ کو برقرار رکھا ہے ،سندھ یونیورسٹی کی رینکنگ میں کمی فوٹو: فائل

اقرا یونیورسٹی جامعات کی عالمی رینکنگ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئی۔

دنیا بھر کی جامعات کی درجہ بندی کرنے والی معتبر ترین رینکنگ ایجنسی کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ کی حالیہ جاری کردہ سال 2019 کی درجہ بندی میں اقرا یونیورسٹی کو شامل کر لیا گیا ہے.

واضح رہے کہ اقرا یونیورسٹی یہ اعزاز حاصل کرنے والی صوبہ سندھ کی واحد نجی جامعہ ہے، کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں پاکستان کی 29 سرکاری و نجی جامعات شامل ہیں ،جن میں پنجاب سے 4 نجی جامعات جبکہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان کی کوئی نجی جامعہ شامل نہیں،اقرا یونیورسٹی مذکورہ رینکنگ میں سندھ کی واحد نجی جامعہ بن کر ابھری ہے۔


سندھ سے اس رینکنگ میں 5 سرکاری جامعات شامل ہیں جن میں جامعہ کراچی، جامعہ سندھ، مہران یونیورسٹی، این ای ڈی یونیورسٹی اور اب ڈاؤ یونیورسٹی شامل ہیں، ان میں دو جامعات جنرل،دو انجینئرنگ،ایک میڈیکل کیٹیگری سے تعلق رکھتی ہیں جبکہ اب اقرا یونیورسٹی کی شمولیت سے بزنس کیٹیگری میں واحد جامعہ کا بھی اضافہ ہوگیا.

جامعہ کراچی اور این ای ڈی یونیورسٹی نے گزشتہ سال کے مقابلے میں اپنی سابقہ رینکنگ کو برقرار رکھا ہے ،سندھ یونیورسٹی کی رینکنگ میں کمی واقع ہوئی ہے اور مہران یونیورسٹی نے اپنی رینکنگ کو بہتر کیا،اقرا یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی پہلی بار ابھر کر اس بین الاقوامی رینکنگ میں شامل ہوئی ہیں۔

امر واقعہ یہ ہے کہ مذکورہ تمام جامعات کے قیام کو 50 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے،اقرا یونیورسٹی کے قیام کو 18 سال ہی ہوئے ہیں، کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ مختلف اشاریوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اس درجہ بندی کو مرتب کرتی ہے۔

ان اشاریوں میں جامعہ کی تعلیمی ساکھ، فیکلٹی اسٹوڈنٹ تناسب، پی ایچ ڈی اساتذہ،تحقیقی مراسلوں کی سائیٹیشنز،اساتذہ کے تحقیقی پرچے،بین الاقوامی ریسرچ نیٹ ورک،بین الاقوامی فیکلٹی، بین الاقوامی طلبہ اور ایکسچینج پروگرام کے طلبہ کی تعداد شامل ہیں۔
Load Next Story