پولیس اور رینجرز پر حملہ کرنیوالا کالعدم تنظیم کا دہشت گرد ہلاک

منگھوپیر کے قریب آپریشن کیلیے جانیوالے پولیس ورینجرز پرکالعدم تنظیم کے2 دہشت گردوں نے جدید اسلحے سے حملہ کردیا

ملزم کی شناخت عزیز ولد وزیر کے نام سے ہوئی ہے تعلق وزیرستان سے ہے پولیس، فوٹو: فائل

منگھوپیر اجتماع گاہ روڈ کے قریب پولیس اور رینجرز کی موبائلوں پر حملہ کرنے والا دہشت گرد جوابی فائرنگ میں مارا گیا۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور اس کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اور 3 دستی بم برآمد ہوئے ہیں،گزشتہ روز منگھوپیر کی مرکزی شاہراہ پر واقع اجتماع گاہ کے قریب پولیس اور رینجرز جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی کے لیے پہنچی تو دیوار کی آڑ میں بیٹھے ملزمان نے پولیس اور رینجرز کی موبائلوں پر فائرنگ کر دی جس پر پولیس اور رینجرز کے جوانوں نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مبینہ ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا،ملزمان کی فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔




منگھوپیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ملزم دہشت گرد تھا اور اس کی شناخت عزیز ولد وزیر کے نام سے ہوئی ہے اس کا تعلق وزیرستان سے ہے پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اور3 دستی بم برآمد ہوئے ہیں واقعے کے وقت دہشت گرد اپنے ساتھی کے ہمراہ دیگر ساتھیوں کا انتظار کر رہا تھا، ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ پولیس اور رینجرز معمول کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنے منگھوپیر اجتماع گاہ کے قریب گزررہے تھے کہ اسی دوران وہاں پہلے سے موجود دہشت گردوں نے پولیس اور رینجرز پر ہتھیاروں سے فائرنگ کرکے حملہ کردیا اور جوابی فائرنگ میں ایک دہشت گرد مارا گیا انھوں نے بتایا کہ پولیس کو شبہ ہے کہ ہلاک ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سے ہے۔
Load Next Story