اسٹین ابتدائی دو میچز سے آؤٹ آملا کی شرکت بھی غیریقینی

پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز میں سابق کوچ کرسٹن بھی پروٹیز کو5 دن دستیاب ہونگے

گیری کرسٹن دوسرے اور تیسرے ون ڈے کے درمیان 5 دن ٹیم کے پلیئرز کے ساتھ رہیں گے، فوٹو: اے ایف پی/فائل

جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین پاکستان کیخلاف 30 اکتوبر سے شروع ہونے والی پانچ میچز کی ون ڈے سیریز کے دو ابتدائی مقابلوں میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔

گیری کرسٹن بھی 5 دن کیلیے اسکواڈ کو اپنے تجربے سے مستفید کرنے کیلیے خلیجی ملک آئیں گے، ہاشم آملا کی پہلے ون ڈے میں شرکت تاحال غیریقینی ہے، کولن انگرام کو ان کے متبادل کے طور پر اسٹینڈ بائی میں رکھ لیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقی پیسر ڈیل اسٹین پاکستان کیخلاف سیریز کے دو ابتدائی ون ڈے میچز میں حصہ نہیں لیں گے، ٹیم منیجر موسیٰ جی کے مطابق تجربہ کار پیسر کو آرام کی غرض سے ان کے وطن جنوبی افریقہ واپس بھجوایا جارہا ہے، تاہم وہ سیریز کے اختتامی تین ایک روزہ میچز اور پھر ٹوئنٹی 20 میچز کیلیے پروٹیز کو دستیاب ہوں گے،اسی طرح دوسرے ٹیسٹ میں شرکت نہ کرپانے والے اوپنر ہاشم آملا کی بھی بدھ کو شیڈول پہلے ون ڈے میں شمولیت مشکوک ہے، کولن انگرام کو آملا کی جگہ اسٹینڈ بائی میں رکھاگیا ہے، انگرام پیر کی صبح اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔




جنوبی افریقی منیجر نے مزید بتایا کہ سابق کوچ گیری کرسٹن بھی ون ڈے اسکواڈ کی بیٹنگ ٹریننگ میں مدد دینے کیلیے اسکواڈ کو جوائن کریں گے، وہ دوسرے اور تیسرے ون ڈے کے درمیان 5 دن ٹیم کے پلیئرز کے ساتھ رہیں گے، انھوں نے بتایا کہ کرسٹن ورلڈ کپ فاتح کوچ ہیں اور ان کی آمد سے یقینی طور پر ہماری ٹیم کو فائدہ ہوگا، ہمارے اسکواڈ میں نوجوان بیٹسمینوں کی معقول تعداد موجود ہے، مجھے یقین ہے کہ کرسٹن کے تجربے سے انھیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع میسر آئے گا،واضح رہے کہ کرسٹن نے جون 2011 میں جنوبی افریقی ٹیم کی کوچنگ سنبھالی تھی لیکن رواں برس جون میں انھوں نے خود کو اس ذمے داری سے الگ کرلیاتھا، جس کے بعد ان کے نائب رہنے والے رسل ڈومنگو کو کوچ بنایا گیا تھا جو سردست ٹیم کے ساتھ ہیں۔
Load Next Story