ویٹل کیلیے لگاتار چار مرتبہ فارمولا ون چیمپئن بننے کا اعزاز

جرمن ڈرائیور نے انڈین گراں پری بھی جیت لی، روزنبرگ دوسرے اور گروسین کا تیسرا نمبر

گریٹر نوئیڈا: جرمن ڈرائیور ویٹل انڈین گراں پری فارمولا ریس کی وننگ ٹرافی چوم رہے ہیں۔ فوٹو: رائٹرز

جرمن ریس ڈرائیور اور ریڈ بل ٹیم کے رکن سباستین ویٹل نے انڈین گراں پری فارمولا ون ریس جیت کر لگاتار چوتھی مرتبہ فارمولا ون چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

یہ اس ریسنگ سیزن میں ان کی مسلسل چھٹی اور کل دسویں کامیابی ہے، بھارتی دارالحکومت دہلی سے ملحقہ گریٹر نوئیڈا کے بودھ انٹرنیشنل سرکٹ پر اتوار کو منعقد ہونے والی تیسری انڈین گراں پری میں مرسیڈیز کے نکول روزنبرگ دوسرے اور لوٹس کے رومین گروسین تیسرے نمبر پر رہے،26 سالہ ویٹل فارمولا ون ریسنگ کی تاریخ میں چار مرتبہ چیمپئن بننے والے چوتھے اور سب سے کم عمر فرد ہیں، ان سے پہلے جوین مینوئل فینگیئو، الین پراسٹ اور مائیکل شومیکر یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔




سیزن میں سرفہرست رہنے کے لیے ویٹل کو اس ریس میں ابتدائی پانچ پوزیشنز پر آنا ضروری تھا جبکہ ان کے قریب ترین حریف اسپین کے فرنانڈو آلونسو کے لیے پہلی یا دوسری پوزیشن حاصل کرنا لازمی تھا،تاہم ریس کے آغاز میں ہی ایک معمولی حادثے کی وجہ سے آلونسو کی یہ خواہش ناتمام رہی اور وہ گیارہویں نمبر پر رہے، ویٹل ہفتے کو اس ریس کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں بھی پہلے نمبر پر آئے تھے اور انہیں ریس کے لیے پول پوزیشن ملی تھی، انڈین گراں پری کو 2014 کے فارمولا ون ریسنگ کیلینڈر میں جگہ نہیں ملی ہے تاہم بودھ سرکٹ کے منتظمین 2015 میں ریس منعقد کروانے کے لیے پرعزم ہیں۔
Load Next Story