بھارتی وزیرداخلہ کو دھماکوں کے بعد فلم کی میوزک لانچنگ تقریب میں شرکت پرتنقید کا سامنا

جب معصوم بھارتی مر رہے تھے تو سشیل کمار شندے میوزک کی سی ڈیز ریلیز کر رہے تھے، اپوزیشن

وزیر داخلہ کو دھماکوں کی تحقیقات اور سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بجائے میوزک پارٹیوں میں شرکت قابل حیرت اور افسوس ناک امر ہے، بی جے پی فوٹو: اے ایف پی/ فائل

بھارتی شہر پٹنہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریلی میں 7 بم دھماکوں کے روز بھارتی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے کو ممبئی میں ایک فلم کے میوزک لانچ کی تقریب میں شرکت اور معروف ہیروئن کے ساتھ فوٹو سیشن کروانے پر شدید تنقید کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔

بی جے پی کے ترجمان نرملا سیتھارمن نے وزیر داخلہ سشیل کمار شندے کی پارٹی میں شرکت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کہ ملک میں ایسے سانحے کے بعد وزیر داخلہ کی ان دھماکوں کی تحقیقات اور سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بجائے میوزک پارٹیوں میں شرکت افسوس ناک امر ہے، بی جے پی کے ایک اور رہنما کرتی آزاد نے کہا کہ شندے اس حرکت کے بعد پورے ملک کے لئے مذاق بن چکے ہیں ایک جانب معصوم بھارتی بم دھماکوں کا نشانہ بن رہے تھے اور دوسری جانب وزیر داخلہ میوزک سی ڈیز ریلیز کر رہے تھے۔


دوسری جانب بھارتی وزیر داخلہ پر اپوزیشن کی تنقید کے جواب میں وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا ہے کہ پٹنہ سے آگے بھی ان کی ایک زندگی ہے، اگر بی جے پی کو دھماکوں کا اس قدر دکھ ہے تو نریندر مودی نے انسانی جانوں کے ضیاع کے باوجود جلسہ کیوں جاری رکھا۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز بی جے پی کے رہنما نریندر مودی کی ریلی میں 7 دھماکے ہوئے تھے جن میں 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔
Load Next Story