ورلڈ اسکواش پاکستانی پلیئرز کا قصہ پہلے مرحلے ہی میں تمام

مین راؤنڈ میں جانیوالے ناصر اقبال کو مصری حریف کریم درویش نے شکست دیدی

45 میچز سے ناقابل شکست رامے عاشور ڈچ حریف کیخلاف پہلاگیم 10-12 سے ہار گئے ۔ فوٹو: فائل

ورلڈ اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستانی پلیئرز کا قصہ پہلے مرحلے ہی میں تمام ہوگیا، فرحان محبوب کوالیفائرز کے پہلے میچ میں شکست کھا بیٹھے تھے۔

مین رائونڈ میں جانے والے ناصر اقبال کو 5 سیڈ مصری کھلاڑی کریم درویش نے 11-6،11-6 اور 11-5 سے ہرا دیا، دوسری جانب ٹائٹل کی دفاعی مہم کا آغاز کرنے والے ٹاپ سیڈ مصر کے رامے عاشور کو ڈچ حریف لورینز جین اینجیما نے ٹف ٹائم دیا، وہ 2 گیمز ہارنے کے بعد شکست کے خطرے سے بھی دوچار ہوئے، 45 میچز سے ناقابل شکست رامے عاشور ڈچ حریف کیخلاف پہلاگیم 10-12 سے ہار گئے، دوسرے میں ایک موقع پر انھیں 8-10 کا خسارہ رہا لیکن وہ زبردست کم بیک کرتے ہوئے یہ گیم13-11 سے جیت کر میچ میں واپس آگئے، پھر اگلے دونوں گیمز میں 11-3 اور11-4 سے ملنے والی کامیابی نے انھیں دوسرے رائونڈ میں پہنچادیا۔




دیگر میچز میں چار مرتبہ کے سابق ورلڈ چیمپئن امر شبانہ نے انگلش پلیئر ایڈرین گرانٹ کو 11-6،11-7 اور11-7 سے پچھاڑ کر فاتحانہ آغاز کیا، دوسرے انگلش پلیئر اور فورتھ سیڈ نک میتھیو نے مصری کوالیفائر زاہد محمد کو 11-5،11-4 اور11-4 سے قابو کرلیا، گذشتہ برس کے رنراپ محمد الشوربیگے بھی انگلش پلیئر ایڈرین ویلر کے ہاتھوں شکست سے بال بال بچے، ان کی جیت کا اسکور 11-6،6-11،6-11،11-7 اور11-7 رہا، تھرڈ سیڈ انگلینڈ کے جیمز ولسٹروپ نے ہموطن جوئل ہائنڈز کو 11-4،11-4 اور13-11 سے مات دی، فرانس سے تعلق رکھنے والے سیکنڈ سیڈ گریگوری گولٹئیرنے ڈنمارک کے کرسٹیان فروسٹ اولسین کو 11-7،11-8 اور11-6 سے ہرا دیا۔
Load Next Story