گلے شکوے دور پونٹنگ اور مائیکل کلارک کی صلح ہوگئی

سابق کپتان نے فون کرکے آپ بیتی میں تحریرشدہ باتوں پر وضاحت پیش کردی

آسٹریلوی ٹیم کے خفیہ راز افشا نہیں کیے، ٹیلر کے بیان سے ٹھیس پہنچی، پونٹنگ فوٹو: فائل

آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ اور موجودہ قائد مائیکل کلارک میں صلح ہوگئی۔

پونٹنگ نے گذشتہ روز فون کرکے کلارک کو اپنی آپ بیتی میں تحریرشدہ باتوں کے بارے میں وضاحت پیش کی، یاد رہے کہ کلارک نے میڈیا سے بات چیت میں کہا تھا کہ اگر پونٹنگ کو ضرورت ہوگی تو وہ خود مجھ سے بات کریں گے، ان کے پاس میرا نمبر موجود ہے۔ دریں اثنا کلارک کے معاملے میں سابق قائد مارک ٹیلر کے کودنے پر رکی پونٹنگ ناراض ہوگئے، انھوں نے اپنی کتاب میں مائیکل کلارک کے حوالے سے مختلف انکشافات کیے تھے۔




اس پر کرکٹ آسٹریلیا کے موجودہ ڈائریکٹر ٹیلر نے کہا کہ پونٹنگ نے اپنی کتاب میں کلارک کا معاملہ اچھال کر اچھا نہیں کیا، اس طرح کی باتیں بند دروازوں کے پیچھے ہی رہنے دینی چاہئیں۔ پونٹنگ نے کہا کہ میں نے آسٹریلوی ٹیم کے کوئی خفیہ راز افشا نہیں کیے بلکہ وہی باتیں کتاب میں لکھیں جو پہلے سے لوگوں کے علم میں تھیں، میں نے بس ان پر اپنی جانب کی کہانی بیان کی، انھوں نے کہا کہ مارک ٹیلر کے بیان سے مجھے ٹھیس پہنچی، میں نے کتاب بیچنے کیلیے اس طرح کی چیزوں کا سہارا نہیں لیا، آسٹریلوی کرکٹ آج بھی مجھے سب سے زیادہ عزیز ہے۔
Load Next Story