بنگال ٹائیگرز نے کمال کر دکھایا کیویز دوسری سیریز میں چت

سیکنڈ ون ڈے میں مشرفی اور سوہاگ کی 3، 3 وکٹیں، تمیم اقبال نے58 رنز بنائے

دوسرا ون ڈے :نصف سنچری بنانے والے بنگلہ دیشی بیٹسمین تمیم اقبال کٹ شاٹ کے ذریعے گیند کو باؤنڈری کی راہ دکھا رہے ہیں ۔ فوٹو: رائٹرز

بنگال ٹائیگرز نے کمال کردکھایا، نیوزی لینڈ کو دوسرے ون ڈے میں 40 رنز سے پچھاڑ کر سیریز میں 2-0 کی حتمی برتری حاصل کرلی۔

248 رنز کے تعاقب میں کیویز207 پر ہمت ہار گئے، مشرفی مرتضیٰ اور سوہاگ غازی نے 3، 3 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل میزبان نے247 رنز بنائے، تمیم اقبال 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے اپنے ہوم گرائونڈز پر نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل دوسری ون ڈے سیریز جیت لی، اس سے قبل ٹائیگرز نے 2010 میں اسے 4-0 سے چت کیا تھا،248 رنز کے تعاقب میں جانے والی مہمان سائیڈ 46.4 اوورز میں 207 پر آئوٹ ہوگئی، روس ٹیلر45، کورے اینڈرسن37 اور کائیل ملز ناٹ آؤٹ 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مشرفی مرتضیٰ اور سوہاگ غازی نے 3، 3 جبکہ مومن الحق نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔




اس سے پہلے بنگلہ دیشی ٹیم 49 اوورز میں 247 رنز پر آئوٹ ہوئی، تمیم اقبال نے 86 گیندوں پر 58 رنز بنائے،اس میں ایک چھکا اور 5 چوکے شامل رہے، تمیم نے کیریئر کا پہلا میچ کھیلنے والے شمس الرحمان کے ساتھ ٹیم کو 63 رنز کی بنیاد بھی فراہم کی، شمس 25 پر آئوٹ ہوئے۔ مومن الحق اور مشفیق الرحیم نے31، 31 رنز اسکور کیے جبکہ سوہاگ غازی نے 26 رنز بنائے، آل رائونڈ پرفارمنس پر انھیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا، جیمی نیشام اور کورے اینڈرسن نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
Load Next Story