بھارتی سلیکٹرز نے ظہیر کو ’’ڈومور‘‘ کی ہدایت کردی

ویسٹ انڈیز سے2ٹیسٹ کی ہوم سیریز کے اسکواڈ میں روہت شرما کی شمولیت

ظہیر خان کو منتخب نہیں کیا گیا، مزید ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

بھارت نے ویسٹ انڈیز کیخلاف2ٹیسٹ کی ہوم سیریز کیلیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، نوجوان بیٹسمین روہت شرما کو ون ڈے میں مستقل مزاجی سے پرفارم کرنے کا صلہ مل گیا۔

ظہیر خان کو منتخب نہیں کیا گیا، سینئر فاسٹ بولر کو سلیکٹرز نے ''ڈومور'' کی ہدایت دیتے ہوئیمزید ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا کہا ہے، محمد شامی ٹیسٹ سائیڈ کا حصہ بننے میں کامیاب رہے، رویندرا جڈیجا کو کندھے کی انجری نے میدان سے باہر کردیا، سچن ٹنڈولکر کی یہ اختتامی سیریز ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی سلیکٹرز نے مستقبل کی پیش بندی کرتے ہوئے روہت شرما کو 15 رکنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے، وہ اس سے قبل بھی اسکواڈ کا حصہ رہے مگر ڈیبیو نہیں کرپائے، اس بار انھیں مڈل آرڈر میں چانس مل سکتا ہے مگر مقابلہ اپنے ہی ڈومیسٹک ساتھی پلیئر اجنکیا راہنے سے ہوگا، آل رائونڈر رویندرا جڈیجا کے کندھے کی تکلیف سے دوچار ہونے کی وجہ سے مڈل آرڈر میں اضافی بیٹسمین کی جگہ موجود ہے، بطور تیسرے اسپنر امیت مشرا کو طلب کر لیا گیا۔ جڈیجا کو ڈاکٹرز نے 2ہفتے تک مکمل آرام کرنے کی ہدایت دی ہے۔




حال ہی میں فرانس میں ٹریننگ پروگرام میں شرکت کے بعد وطن واپس لوٹنے اور مسلسل 2 فرسٹ کلاس میچز میں 5، 5 وکٹیں لینے کی وجہ سے ظہیر خان کے انتخاب کی بھی توقع ظاہر کی جارہی تھی مگر ایسا نہیں ہوا، سلیکٹرز ابھی انھیں مزید فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں ، ان کا انتخاب جنوبی افریقہ کے ٹور کیلیے ہوسکتا ہے۔ ون ڈے میچز میں ناقص کارکردگی کے باوجود ایشانت کو اسکواڈ میں بھی برقرار رکھا گیا، محمد شامی کا سینئر فارمیٹ کیلیے پہلی بار انتخاب عمل میں آیا۔ منتخب اسکواڈ میں دھونی، شیکھر دھون، مرلی وجے، پجارا، ٹنڈولکر، ویرت کوہلی، ایشون، بھونیشور کمار، پراگیان اوجھا، امیت مشرا، اجنکیا راہنے، امیش یادیو، محمد شامی، روہت شرما اور ایشانت شرما شامل ہیں۔
Load Next Story