قائداعظم ٹرافی اسلام آباد کیخلاف فضل سبحان نے سنچری داغ دی

کراچی وائٹس کے 6 وکٹ پر301رنز،بلوز سے میچ میںبہاولپور نے232 کا مجموعہ پایا،ملتان نے کوئٹہ کو 244 تک محدود کردیا

ٹیم نے پہلی اننگز میں 6 وکٹ پر301کا قابل قدر مجموعہ حاصل کرلیا۔ فوٹو:فائل

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ میں فضل سبحان کی سنچری نے اسلام آباد کیخلاف کراچی وائٹس کی پوزیشن مستحکم بنا دی۔

ٹیم نے پہلی اننگز میں 6 وکٹ پر301کا قابل قدر مجموعہ حاصل کرلیا، سعد علی ناقابل شکست75 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔کراچی بلوز کے مقابل بہاولپور نے پہلی اننگز میں6 وکٹ پر232 رنز بنا لیے۔ ملتان نے کوئٹہ ریجن کو 244 تک محدود کردیا، حاذق حبیب اللہ نے5 وکٹیں لیں۔ راولپنڈی کیخلاف مشکلات کا شکار ایبٹ آباد نے7 وکٹ پر 145 رنز جوڑے، لاہور شالیمار کے سامنے فیصل آباد نے اتنی ہی وکٹیں گنواکر198بنائے، شاہد صدیق نے83 رنز اسکور کیے۔ پریذیڈنٹ ٹرافی چار روزہ مقابلوں کے پہلے دن اسٹیٹ بینک کے عثمان ارشد نے کے آر ایل کیخلاف تھری فیگر اننگز سجا دی، سوئی ناردرن گیس کے عمران علی زیڈ ٹی بی ایل کی5 وکٹیں لے اڑے۔

تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی چار روزہ ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا، اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ میں میزبان ٹیم کیخلاف کراچی وائٹس نے6 وکٹ پر301 رنز بنا کر پوزیشن مستحکم کر لی، فضل سبحان 133 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، سعد علی 75رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، جنیدنادر اور معید شیخ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میزبان بلوز ٹیم کے مقابل بہاولپور نے پہلے روز 6 وکٹ پر 232 رنز بنائے، ریحان رفیق ناقابل شکست84 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، عمران اللہ نے32 اور فیصل مبشر نے29 رنز بنائے، وقاص انور اور فراز احمد نے 2،2 پلیئرز کو پویلین بھیجا۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایبٹ آباد نے میزبان کے مقابل 7 وکٹیں کھو کر 145 رنز بنائے، محمد نعیم 39 اور احتشام الدین32رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ کچھ مزاحمت کرپائے، اختر ایوب نے3 اور حسیب اعظم نے2 وکٹیں حاصل کیں۔




جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں پشاور کیخلاف میزبان ٹیم نے6 وکٹ پر213کا مجموعہ تشکیل دیا، منصور امجد ناقابل شکست51 رنزکے ساتھ دوسرے روز اننگز شروع کریں گے، آفاق احمد اور عزیزاللہ نے2،2 وکٹیں لیں۔ ملتان اسٹیڈیم میں کوئٹہ کی ٹیم میزبان بولرز کے سامنے244پر آئوٹ ہوئی، عطا الرحمان نے54 اور نوشاد ارشاد نے 52 رنز بنائے، حاذق حبیب اللہ نے81 رنز دے کر5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، محمد رمیز 78 کے عوض 4 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔ جواب میں ملتان نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 5 رنز بنائے۔ ایل سی سی اے گرائونڈ میں لاہور شالیمار کیخلاف فیصل آباد ریجن کی ٹیم پہلے روز7 وکٹ پر 198 رنز بنانے میں کامیاب رہی، شاہد صدیق نے 83 اور محمد شاہد نے27 رنز کی اننگز کھیلیں، محمد بلاول نے3 اور عرفان نے2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ دوسری طرف پریذیڈنٹ ٹرافی چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں پہلے روز کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں اسٹیٹ بینک نے5 وکٹ پر 263 کا مجموعہ حاصل کیا،عثمان ارشد نے133اور عمیر خان نے 40 رنز بنائے، عمید آصف نے2 وکٹیں لیں۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں واپڈا کے مقابل یوبی ایل نے6 وکٹ پر263 رنز اسکور کیے، عابد علی 76 اور ہارون طارق 47 کے ساتھ نمایاں رہے، آصف رضا 40رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، حافظ سعد نے2 وکٹیں لیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی ٹی وی کے مقابل پورٹ قاسم کی ٹیم 9 وکٹ پر292رنز بنانے میں کامیاب ہوئی، محمد وقاص 88 رنزکے ساتھ نمایاں رہے، شاہ زیب حسن نے 36 رنز اسکور کیے، خرم منظور کی اننگز 28 تک محدود رہی، محمد علی نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔ نیشنل گرائونڈاسلام آباد میں سوئی نادرن گیس کیخلاف زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیم 5 وکٹ پر123 رنز تک ہی پہنچ سکی، اکبر الرحمان نے42رنز اسکور کیے، عمران علی 26 رنز کے عوض5پلیئرز کو پویلین بھیجنے میں کامیاب ہوئے۔مرغزار کرکٹ گرائونڈ اسلام آباد میں حبیب بینک اور پی آئی اے کا مقابلہ بارش کے بعد گرائونڈ گیلا ہونے کی وجہ سے شروع نہ ہوسکا۔
Load Next Story