سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کی تیاری مکمل کرلی شرجیل میمن

اب الیکشن کمیشن پرہے وہ الیکشن کب کرواتا ہے،کراچی میں کرفیوسے متعلق فیصلہ نہیں کیا،وزیراطلاعات

اٹارنی جنرل نے اپنی طرف سے کچھ نہیں کہا کرفیو سے متعلق عدالتی ریمارکس پہلے سے تھے۔ فوٹو: فائل

سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کی تیاری مکمل کرلی ہے۔

اب الیکشن کمیشن کے ہاتھ میں ہے کہ وہ الیکشن کب کرواتاہے،مسلم لیگ(ن) جمہوری حکومت میں غیرجماعتی بنیادوں پربلدیاتی انتخابات کرواکر عوام کوآمرانہ دورمیں دھکیلنے کی کوشش کررہی ہے، کراچی میں غیرقانونی اسلحے کی برآمدگی کیلیے کرفیو لگا کر گھر گھر آپریشن کاسندھ حکومت نے تاحال کوئی فیصلہ نہیںکیا۔جمعرات کوسندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013پہلے ہی اسمبلی سے منظور شدہ تھاتاہم اس میں کچھ ترامیم تھیں جسے آج منظورکرلیا گیاہے،اس سلسلے میں ایوان میں موجودتمام سیاسی جماعتوں کواس بل کی کاپیاں صبح ہی روانہ کردی گئی تھیں اور اگرانھوں نے بل کی مخالفت کی ہے تو وہ ان کا جمہوری حق ہے۔




صوبہ سندھ وہ واحدصوبہ ہے کہ جس نے سب سے پہلے نہ صرف لوکل گورنمنٹ کابل منظور کرلیابلکہ الیکشن کیلیے بھی سب سے پہلے تاریخ دیدی ہے، ہم بلدیاتی انتخابات کی مکمل تیاریاں کرچکے ہیں،اب الیکشن کمیشن پرمنحصر ہے کہ وہ صوبے میں کب الیکشن کرواتاہے،یہ ملک کی پہلی اسمبلی ہے جس نے میثاق جمہوریت پرعملدرآمد کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پرکرانے کااعلان کیاہے۔انھوں نے کہاکہ میثاق جمہوریت پرہماری شہید قائد بینظیر بھٹو اورنوازشریف نے دستخط کیے تھے جس کے تحت ملک میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پرکروانے کاعہد کیاگیاتھالیکن اب مسلم لیگ(ن)اس سے منحرف ہوچکی ہے اور وہ اقتدار میں آنے کیلیے آمرانہ سوچ رکھتی ہے،پیپلز پارٹی پنجاب نے اس سلسلے میں عدالت سے رجوع کرلیاہے اور ہمیں امیدہے کہ پنجاب میں بھی انتخابات جماعتی بنیادوں پرہوں گے،جمہوری حکومت میں اب عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنایاجاسکتا۔

انھوں نے کہاکہ صوبے میں حلقہ بندیوںکے حوالے سے پیپلزپارٹی کے ارکان کی جانب سے کیے گئے اعتراضات بھی جمہوریت کاحصہ ہیں،ہم ایک لبرل پارٹی ہیںہماری پارٹی میںکسی کو بھی بولنے سے نہیں روکاجاتا،اگرکسی ممبرکوکوئی تحفظات ہیں تووہ اس کاکھل کر اظہاروہ ایوان میں بھی کرسکتاہے،پیپلزپارٹی میں فارورڈبلاک کے بارے میں سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں،پارٹی کی قیادت پرسب کا مکمل اعتمادہے،پارٹی قیادت میں ہی تمام لوگ متحد ہیں۔کراچی میں گھر گھر اسلحہ کی تلاشی کیلیے کرفیو لگا کر آپریشن کے حوالے سے انھوں نے کہاکہ اٹارنی جنرل نے اپنی جانب سے کچھ نہیںکہابلکہ سپریم کورٹ کے کراچی بدامنی کیس کے حوالے سے یہ ریمارکس موجودتھے کہ حکومت کراچی سے غیرقانونی اسلحے کی برآمدگی کیلیے تاریخ دے جس کے بعد کرفیو لگا کر گھر گھر آپریشن کیاجائے۔
Load Next Story