1700نشستیں میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے فارم آج سے ملیں گے

7اکتوبرکو بیک وقت انٹری ٹیسٹ کا انعقادکیا جائیگا، انٹری ٹیسٹ کے لیے کراچی سمیت5امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے

سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے یونیفارم داخلہ پالیسی نظرانداز کرتے ہوئے علیحدہ سے پراسپیکٹس اور داخلہ فارم شائع کرا لیے. فوٹو: فائل

کراچی سمیت سندھ کے میڈیکل کالجوں میں آج سے ایم بی بی ایس اوربی ڈی ایس سال برائے2012 میں داخلے کیلیے داخلہ فارم جاری کیے جائیںگے۔

کراچی میں ڈاؤیونیورسٹی کے ماتحت چلنے والے ڈاؤمیڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس اور ڈاکٹر عشرت العباد خاں اورل ہیلتھ سائنسز میں بی ڈی ایس میں داخلہ فارم یونائیٹڈ بینک کی5مخصوص برانچوں سے حاصل کیے جاسکیں گے جبکہ سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے داخلہ فارم ایس ایم یو حبیب بینک کی مخصوص برانچوں سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

کراچی سمیت صوبے کے میڈیکل کالجوں میں یونیفارم داخلہ پالیسی کا اعلان 7 اگست کوکیاگیا تھا جس میں فیصلہ کیاگیا تھاکہ 3ستمبر سے تمام میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلہ فارم جاری کیے جائیںگے تاہم اجلاس میں سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور لیاری میڈیکل کالج کا داخلہ فارم ڈاؤیونیورسٹی کے پراسپیکٹس کے ساتھ منسلک کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا تھا لیکن سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے اپنے علیحدہ سے پراسپیکٹس وداخلہ فارم شائع کرالیے۔


سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا نام بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے نیا نام جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ہوگا،امسال کراچی میں ڈاؤیونیورسٹی کے تحت چلنے والے ڈاؤ میڈیکل کالج میں 350سیٹوں پر،سندھ میڈیکل یونیورسٹی 350 ،لیاری میڈیکل کالج کراچی100 سیٹیں، لیاقت یونیورسٹی جامشورو 350 ، شہیدبے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ 350 سیٹیں ،پیپلزیونیورسٹی برائے خواتین نوابشاہ 200سٹیوں پر داخلے دیے جائیں گے۔

اس طرح کراچی سمیت صوبے کے تمام میڈیکل کالجوں میں 1700سیٹوں پر داخلے دیے جائیں گے ،داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 17 ستمبرمقررکی گئی،نامکمل تعلیمی کوائف جمع کرانیوالے امیدواروں کو 22ستمبر تک اپنے مطلوبہ تعلیمی اسناد جمع کرانے کی مہلت دی جائے گی،25ستمبر کو انٹری ٹیسٹ کے امیدواروں کی فہرست آویزاں اور ویب سائٹ پر جاری بھی کی جائیگی ، داخلہ فارم پر اعتراضات29 ستمبرتک جمع کرائے جاسکیں گے۔

7اکتوبرکو بیک وقت انٹری ٹیسٹ کا انعقادکیا جائیگا، انٹری ٹیسٹ کے لیے کراچی سمیت5امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے،انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان10 اکتوبرکو کیا جائے گا، ابتدائی میرٹ فہرست15اکتوبرکوآویزاں کی جائیگی جبکہ16 اکتوبر کواس پر اعتراضات جمع کرائے جا سکیں گے، صوبے کے میڈیکل وڈینٹل کالجوں میں حتمی میریٹ فہرست20اکتوبر کوآویزاں کردی جائیگی جبکہ یکم نومبر سے نئے تعلیمی سال کاآغازکردیاجائیگا۔

واضح رہے کہ لیاری میڈیکل کالج نے داخلوںکے لیے علیحدہ سے داخلہ فارم شائع نہیںکرائے بلکہ ڈاؤیونیورسٹی کے جاری کیے جانے والے داخلہ فارم پر لیاری میڈیکل کالج میں داخلے کیلیے امیدواروں کو ان کا اختیار دیا گیا ہے۔
Load Next Story