مصباح الحق نے کامیابی کا سہرا بولرز کے سرباندھ دیا

سہل پسندی کا شکار نہیں ہونا چاہیے، بیٹنگ میں بہتری درکار ہے، پاکستانی کپتان

تینوں اسپنرز نے اپنے فاسٹ بولرز کا ساتھ عمدگی سے نبھایا،قومی کپتان۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
پاکستانی کپتان مصباح الحق نے جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ون ڈے میں کامیابی کا سہرا بولرز کے سرباندھ دیا۔

انھوں نے کہا کہ فتح کے باوجود ہمیں سہل پسندی کا شکار نہیں ہونا چاہیے، بیٹنگ میں بدستور بہتری درکار ہو گی، آفریدی نے کہاکہ بیٹنگ پلس پوائنٹ ہے، ہمیشہ سے دھیان اپنی بولنگ پر ہوتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دوسرے ون ڈے کے اختتام پر پاکستانی کپتان مصباح الحق نے بولرز کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے کہا کہ کم اسکور پر آئوٹ ہونے کے باوجود ٹیم نے اچھا پرفارم کیا، بولرز نے ایک مرتبہ پھر ذمہ داری بخوبی انجام دی، اس میدان میں 220 یا 230 مناسب اسکور ہوتا ، انھوں نے کہا کہ جب کبھی آپ یہاں200 سے زائد اسکور بنائیں اور ابتدا میں چند وکٹیں مل جائیں تو جیت کا امکان ہوجاتا ہے، حفیظ نے عمدہ آغاز کرتے ہوئے بہترین بولنگ کی پھر آفریدی پروٹیز کی اہم وکٹیں لے اڑے۔




سعید اجمل نے بھی حریف ٹیم پر دبائو بڑھایا، ان تینوں اسپنرز نے اپنے فاسٹ بولرز کا ساتھ عمدگی سے نبھایا،سہیل تنویر نے کولن انگرام کی وکٹ لے کر ٹیم کو ابتدا ہی میں اہم کامیابی دلوائی، عرفان بھی وکٹیں لینے میں کامیاب رہے،پاکستانی کپتان نے مزید کہا کہ ہمیں فتح کے بعد سہل پسندی کا شکار نہیں ہونا چاہیے کیونکہ کھیل میں بدستور بہتری درکار ہے، میچ کے ہیرو شاہد آفریدی نے کہاکہ ہم نے گذشتہ میچ میں ملنے والی ناکامی سے بہت کچھ سیکھا، بیٹنگ پلس پوائنٹ اور میرا ہمیشہ سے دھیان اپنی بولنگ پر ہے ، دوسری جانب شکست خوردہ جنوبی افریقی کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز نے کہا کہ پاکستان نے بہت اچھا کھیل پیش کیا، ہمارے پاس اپنی ناکامی کا کوئی بہانہ نہیں ہے، ہم دنیا کے بہترین بولرز کے سامنے اچھا کھیل پیش نہیں کرپائے۔
Load Next Story