زخمی پاکستانی شیروں نے پروٹیز کو بھنبھوڑ ڈالا

اے بی ڈی ویلیئرز سمیت3وکٹیں لے کرحریف بیٹنگ کی کمر توڑ دی، عرفان نے بھی تین پلیئرز کوپویلین بھیجا

دوسرا ون ڈے :جنوبی افریقی بیٹسمین فاف ڈوپلیسی کی وکٹ حاصل کرنے پر پاکستانی آل رائونڈر شاہد آفریدی کا مخصوص فاتحانہ انداز ، ساتھی پلیئرز مبارکباد دے رہے ہیں۔فوٹو: اے ایف پی

زخمی پاکستانی شیروں نے پروٹیز کو بھنبھوڑ ڈالا، پہلے ون ڈے کی شکست کا بدلہ لیتے ہوئے دوسرے میچ میں باآسانی66 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔

210 رنز کا بظاہر آسان نظر آنے والا ہدف جنوبی افریقہ کیلیے پہاڑ بن گیا اور وہ40.4 اوورز میں 143پر ڈھیر ہوگئی، ریان میکلیرن29ناٹ آئوٹ کے سوا کوئی پلیئر جم کر نہ کھیل سکا، مین آف دی میچ شاہد آفریدی نے ڈی ویلیئرز سمیت 3وکٹیں لے کر حریف بیٹنگ کی کمر توڑ دی، پیسر محمد عرفان نے بھی اتنے ہی شکار کیے، سعید اجمل نے 2پلیئرز کو پویلین چلتا کیا۔اس سے قبل پاکستانی بیٹسمینوں نے ایک بار پھر مایوس کیا، ٹیم 209 رنز تک محدود رہی،احمد شہزاد نے نصف سنچری بنائی،محمد حفیظ اور شاہد آفریدی26، 26 اور کپتان مصباح الحق 25 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، میکلیرن نے4 اور مورن مورکل نے3کھلاڑیوں کو میدان بدرکیا۔

تفصیلات کے مطابق 210 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے پہلا نقصان دوسرے ہی اوور میں اٹھایا، سہیل تنویر کی ان سوئنگر پر کولن انگرام کی بیلز اڑگئیں، محمد حفیظ نے حریف بیٹسمینوں کیلیے مشکلات پیدا کیں، ان کی طرف سے گریم اسمتھ کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل اور ریویو رائیگاں جانے کے بعد بھی پاکستانی بولرز نے ہمت نہیں ہاری، بالآخر زیادہ پُر اعتماد نہ نظر آنے والے پروٹیز اوپنر14کے انفرادی اسکور پر سعید اجمل کو سوئپ شاٹ کھیلتے ہوئے بولڈ ہوگئے، اس وقت ٹیم کا ٹوٹل 43تھا،پال ڈومینی (25)کا شکار عرفان نے کیا، کیچ سلپ میں حفیظ نے لیا،22اوورز میں صرف 66رنز ہی بن پائے تھے کہ شاہد آفریدی کو آزمانے کا فیصلہ کیا گیا، آل رائونڈر نے پہلی ہی گیند پر فاف ڈوپلیسی(12) کو ایل بی ڈبلیو کردیا، پروٹیز جوڑی نے صلاح مشورے میں زیادہ وقت صرف کیا جس کے بعد امپائر نے ریویو کی اجازت نہ دی اگر ایسا کربھی لیا جاتا تو کوئی فائدہ نہ ہوتا۔




آفریدی نے اگلے اوور میں ہی ڈی ویلیئرز کی اننگز کا 10رنزپر اختتام کرکے حریف ٹیم پر سب سے کاری ضرب لگائی، محمد حفیظ نے ڈیوڈ ملر (11)کو ایل بی ڈبلیو کیا، چیلنج کیے جانے کے باوجود امپائر کا فیصلہ تبدیل نہ ہوا، پاکستان کو اگلی وکٹ کیلیے 118رنز تک انتظار کرنا پڑا، عرفان نے پہلے میچ کے ہیرو پارنیل کی بساط 21رنز پر لپیٹنے کیلیے وکٹ کیپر عمر اکمل کی معاونت حاصل کی،اس کے بعد پیسر نے مورکل کو 5 رنز پر بولڈ کر دیا۔سوٹسوبے( 4) سعید اجمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، عمران طاہر کو آفریدی نے اسٹمپڈ کرا دیا، یوں پروٹیز143 رنز پر رخصت ہو گئے،شاہد آفریدی نے 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں اپنے نام کیں، محمد عرفان نے اتنی ہی وکٹوں کیلیے 53 رنز دیے، سعید اجمل نے 15رنز کے بدلے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس سے قبل پاکستان نے پہلی وکٹ صرف 4رنز پر گنوا دی، ناصر جمشید نے ایک بار پھر پل شاٹ کھیلتے ہوئے مورن مورکل کی گیند پر سوٹسوبے کو کیچ تھما دیا۔



حفیظ نے چند عمدہ اسٹروکس سے رنز کی رفتار بڑھائی مگر 26 کے انفرادی اسکور پر میکلیرن کی گیند بیٹ کو چھو کر بیلز اڑا گئی،گرین شرٹس نے دوسرا نقصان 52 پر اٹھایا، مصباح الحق نے 29 گیندوں پر 8 رنز بنانے کے بعد پال ڈومینی کو چھکا جڑ کے خطرناک عزائم ظاہر کیے، اسی اوور میں احمد شہزاد نے مسلسل دوسری ففٹی مکمل کی لیکن کپتان 25 رنز پر میکلیرین کو چھکا لگانے کی کوشش میں ڈیوڈ ملر کا کیچ بن گئے،اس وقت مجموعی اسکور112 تھا، احمد شہزاد نے58 کے انفرادی اسکور پر عمران طاہر کو ریٹرن کیچ تھمایا، عمر اکمل 18 رنز بنا کر کور میں کولن انگرام کا کیچ بنے،کامیاب بولر مورن مورکل تھے، عمر امین (14) نے میکلرین کے سلو بائونسر پر ڈی ویلیئرز کو کیچ تھما دیا۔

سہیل تنویر 9 کے انفرادی اسکور پر رن آئوٹ ہوئے،170 کے ٹوٹل پر 7 وکٹیں گنوانے والے گرین شرٹس نے 47 ویں اوور میں 13 رنز بٹورے لیکن آخری گیند پر شاہد آفریدی کی اننگز 26 پر تمام ہوئی،کامیاب بولر مورن مورکل تھے،کیچ اسمتھ نے تھاما، میزبان ٹیم کے 200 رنز مکمل ہوتے ہی سعید اجمل کو میکلرین نے بغیر کھاتہ کھولے ایل بی ڈبلیو کر دیا، ریویو بھی کسی کام نہ آیا، وہاب ریاض نے مورن مورکل کو 2چھکوں سمیت 18 رنز بنائے مگر اننگز ختم ہونے سے 2 گیندیں قبل پارنیل کی بولنگ پر بائونڈری پر ڈوپلیسی کو کیچ دے بیٹھے، پاکستان نے 209 کا مجموعہ حاصل کیا۔میکلرین نے 4اور مورکل نے3وکٹیں لیں۔
Load Next Story