کراچی فائرنگ و تشدد کے واقعات میں پولیس اہلکار سمیت10افراد ہلاک

پولیس اہلکارشہزادخان نیپئرپولیس لائن میں فائرنگ کانشانہ بنا،لانڈھی میں انٹرنیٹ کیفے پر فائرنگ،2ہلاک

کیماڑی گلشن سکندرآبادمیں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے25سالہ عزیزہلاک ہوگیا۔ فوٹو: فائل

شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ وپرتشددواقعات میں پولیس اہلکارسمیت 10افراد ہلاک اور10زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نیپئرکے علاقے صدیق وہاب روڈنیپئرپولیس لائن کے قریب موٹر سائیکل پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار50 سالہ شہزادہ خان جاں بحق ہوگیا،مقتول کرائم برانچ میں تعینات اورفائرنگ سے قبل نیپئرپولیس لائن کوارٹرزکے قریب ولی انٹرپرائزکی دکان پر بیٹھاتھا کہ موٹر سائیکل سوارملزمان کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا،مقتول 2 لڑکے اور 2 لڑکیوں کاباپ اور اسکا آبائی تعلق پشاور سے تھا۔ کیماڑی گلشن سکندرآبادمیں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے25سالہ عزیزہلاک جبکہ اس کابھائی غفور،ملزم حکیم جان اورایک راہگیرنصراﷲ زخمی ہوگئے۔

مقتول عزیز اورملزم حکیم آپس میں چچا زاد بھائی ہے اور ان میں خاندانی تنازع چل رہاہے جبکہ مقتول اور ملزم دونوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی تھیپولیس نے ملزم حکیم جان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، مقتول کا آبائی تعلق افغانستان سے تھا۔اورنگی ٹاؤن 4نمبر بدر چوک کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 50سالہ بشیراحمدہلاک جبکہ4افراد11 سالہ محمداحمد ، 22 سالہ واجد ، 17 سالہ اویس اور 16 سالہ اسد شدید زخمی ہوگئے ،ہلاک و زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال لایاگیا۔پولیس کے مطابق واقعہ لوٹ مارکے دوران مزاحمت کانتیجہ ہے ۔سعیدآبادکے علاقے گلشن مزدورنیول کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جنرل اسٹورکامالک25سالہ محمد وارث ہلاک ہوگیاجبکہ ملزمان فرارہوگئے۔




منگھوپیرکے علاقے خیرآبادمیں مکان سے 65سالہ ابو حسن کی لاش ملی۔مقتول ایک ماہ قبل گھریلو جھگڑے کے بعد مذکورہ مکان میں اکیلا ہی رہائش پذیر تھاجبکہ اس کے دیگر اہلخانہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر 12-L میں رہائش پذیر ہیں۔نامعلوم ملزمان نے ابو حسن کو گلا دبا کر ہلاک کیا،مقتول کا خاندان میں جائیداد کا تنازع بھی چل رہا تھا۔چاکیواڑہ الفلاح روڈبہارکالونی سے آصف بلوچ نامی شخص زخمی حالت میں ملا جسے پولیس نے سول اسپتال پہنچایا،آصف کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور نیم مردہ حالت میں پھینک کر فرار ہوگئے۔

لانڈھی شیر پاؤ کالونی سیکٹر2 میں واقعے انٹر نیٹ کیفے پرموٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے17سالہ وقاص اور19سالہ مقصودہلاک جبکہ25 سالہ عمران اور28 سالہ طیب زخمی ہو گئے ہلاک و زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال پہنچایا گیا،ہلاک و زخمی ہونے والے لانڈھی فیوچر کالونی کے رہائشی تھے۔پولیس کے مطابق شیر پاؤ کالونی میں خیبرنیٹ اور ای زون نیٹ کیفے کے مالکان کوتحریک طالبان کی جانب سے دھمکی دی گئی تھی کہ یہ کیفے فحاشی کااڈا ہے لہذا اسے فوری طور پر بندکردوتاہم کیفے کے مالکان نے ان کے دھمکی نظراندازکردی تھی،زخمی ہونے والاعمران خیبر نیٹ کیفے کامالک ہے جس کی حالت تشویشناک ہے۔کورنگی صنعتی ایریاکے علاقے کورنگی کراسنگ البدرشادی ہال کے سامنے ایوب برف ڈپوپر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے25سالہ حضور بخش ہلاک ہو گیا۔

مقتول کورنگی نمبر 2 کا رہائشی تھا اور برف کی سپلائی کا کام کرتا تھا۔اورنگی ٹاؤن قصبہ اسلامیہ کالونی جمشید پیٹرول پمپ کے قریب اﷲ اکبر مسجد کے سامنے نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے33سالہ میر محمدبلوچ عرف میرو اور اس کا دوست 18سالہ آفتاب ہلاک ہوگئے مقتولین کی لاشیں عباسی شہید اسپتال لائی گئیں،مقتول اورنگی ٹاؤن بلوچ گوٹھ کے رہائشی اور جرائم پیشہ ہیں ، مقتولین کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔پیرآبادفرنٹیئرکالونی غوثیہ محلہ میں واقع جنرل اسٹورپرنامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان ٹینس بال بم پھینک کر فرار ہو گئے جوزور دار دھماکے سے پھٹ گیا ،جنرل اسٹور اورنگ زیب نامی شخص کا ہے جو عوامی نیشنل پارٹی ڈسڑکٹ ویسٹ کا کونسل ممبر ہے ،واقعے کے وقت جنرل اسٹور بند تھا جس کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
Load Next Story