بدعنوان حکمرانوں نے معیشت تباہ کر دی جماعت اسلامی

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ذمے دار پیپلز پارٹی اور اتحادی ہیں، شیخ شوکت.

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ذمے دار پیپلز پارٹی اور اتحادی ہیں، شیخ شوکت

جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے امیر شیخ شوکت علی اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر فواد احمد نے اپنے بیان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ بدعنوان حکمران معیشت تباہ کر کے ملک ٹھکانے لگا رہے ہیں۔


پٹرول کے نرخوں میں ایک بار پھر اضافہ کرکے عوام کو بدحال کر دیاگیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ذمے دار پی پی اور اس کے اتحادی ہیں۔ موجودہ حکومت نے اپنے دور حکومت میں عوام کا جینا محال کر دیا ہے، پٹرول، بجلی اور گیس مہنگی ہونے کے سبب کارخانے اور صنعتیں تیزی سے بند ہو رہی ہیں اور بے روزگاری سے دلبرداشتہ نوجوان جرائم کی جانب راغب ہو رہے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ 4 جماعتی حکومتی ٹولہ ملک وقوم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہاہے، موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی بدترین کرپٹ حکومت ہے، جن کے خلاف عوام کو سڑکوں پر نکل آنا چاہیے۔ علاوہ ازیں شیخ شوکت علی، نائب امراء رانا محمود علی خان، جعفرعلی نظامانی، حافظ غیور احمد، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر فواد احمد و دیگر نے جماعت اسلامی زون وسطی کے امیر محمد حنیف شیخ اور قانون دان عبدالمعید شیخ ایڈوکیٹ کے بھانجے کو کراچی میں گھر سے بلاکر ٹارگٹ کلنگ کانشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔ انھوں نے شہید نوجوان کے لیے بلند درجات اور اہلخانہ اور رشتہ داروںکے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
Load Next Story