کالعدم لشکر جھنگوی کے کمانڈر عادل ابوذرکا جسمانی ریمانڈ

فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم فرحت کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع

گینگ وار ملزم کامران عرف بابا 4نومبر تک جسمانی ریمانڈ پولیس کے حوالے .فوٹو ایکسپریس نیوز/فائل ۔

FAISALABAD:
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کالعدم لشکر جھنگوی کے کمانڈر اور القاعدہ کے مبینہ رکن شیخ عادل ابوزرکو 15نومبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

ہفتہ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ملزم کو سخت حفاظتی حصار میں چہرہ ڈھانپ کے پیش کیا گیا، اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم کو بلوچ کالونی سے گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے جبکہ اس کا تعلق القاعدہ سے ہے لہذا تفتیش کے لیے ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔

جس پر عدالت نے ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، استغاثہ کے مطابق 25اکتوبر کو سی آئی ڈی پولیس نے بلوچ کالونی سے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا تھا ، دریں اثنا ا نسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم فرحت عباس کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے مذید2 روزکیلیے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے ، ملزم فرحت عباس کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو کے روبرو پیش کیا گیا۔


پولیس نے ملزم سے مزید تفتیش کے لیے عدالت سے ریمانڈ کی استدعا کی ۔عدالت نے ملزم کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ، ملزم کو 7اکتوبر کو تھانہ گلشن اقبال کی حدود سے گرفتار کیا گیا تھا ، ملزم فرحت عباس پر اہلسنت والجماعت کے ترجمان اکبر سعید فاروقی ،قاری عنایت اللہ سمیت دیگر کو فرقہ وارانہ بنیاد پر قتل کرنے کا الزام ہے، دوسری جانب ا نسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزم سیاسی جماعت کے کارکن شجاعت علی ہاشمی کو5نومبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیاہے۔



ملزم شجاعت علی ہاشمی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو کی عدالت میں پیش کیا گیا ، پولیس کی جانب سے پولیس اہلکاروں کے قتل کیس میں مزید تفتیش کے لیے عدالت سے ملزم کے عدالتی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ، ملزم کو 5اکتوبر کو تھانہ گلشن اقبال کی حدود سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم پر سچل تھانے کے انسپکٹر عدنان اور انسپکٹر شہباز کے قتل کے علاوہ دیگر متعدد دہشت گرد کارروائیوں کا الزام ہے ، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لیاری گینگ وار کے اہم ملزم کامران عرف بابا کو 4نومبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

لیاری گینگ وار کے اہم کارندہ کامران عرف بابا کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج جاوید عالم کے روبرو پیش کیا گیا ،پولیس کی جانب سے ملزم سے مزید تفتیش کے لیے ریمانڈ کی استدعا کی گئی، عدالت نے ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ،ملزم کو گزشتہ روز لیاری میں پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا ، ملزم پر تھانہ بغدادی کے سی آئی ڈی اہلکار سرفراز کو جابحق کرنے ،سیاسی جماعت کے دو کارکنان مدثر اور فرحان شیخ کے قتل کے علاوہ تین شہریوں کے قتل کا الزام ہے۔
Load Next Story