پیرس ماسٹرز فیڈرر اور نڈال کا قصہ سیمی فائنلز میں تمام

ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ آف چیمپئنز کے فائنل4میچ میں سیمونا نے ایوانووک کو ہرادیا

سربیاکے نووک جوکووک اور اسپینش پلیئر ڈیوڈ فیرر نے ٹرافی میچ میں جگہ بنالی۔ فوٹو: فائل

RAWALPINDI:
پیرس ماسٹرز کے سیمی فائنلز میں ورلڈ نمبرون رافیل نڈال اور 17 مرتبہ کے گرینڈ سلم فاتح راجرفیڈرر کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑگیا۔

سربیاکے نووک جوکووک اور اسپینش پلیئر ڈیوڈ فیرر نے ٹرافی میچ میں جگہ بنالی، ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ آف چیمپئنز میں رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے اینا ایوانووک کو مات دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پیرس ماسٹرز کے سیمی فائنل میں سربیا کے نووک جوکووک نے فیڈرر کو پچھاڑ کر پیرس ماسٹرز کے فائنل میں جگہ بنالی،سوئس ماسٹر کیخلاف کامیابی کیساتھ ہی سربیئن اسٹار کی لگاتارفتوحات کا سلسلہ 16 میچز تک دراز ہوگیا،6 مرتبہ کے گرینڈ سلم فاتح جوکووک نے سوئس ماسٹر کو 2گھنٹے کی کشمکش کے بعد 4-6،6-3 اور6-2 سے قابو کرلیا، ٹائٹل کیلیے اب ان کا مقابلہ اسپین کے ڈیوڈ فیرر سے ہوگا، جنھوں نے دوسرے سیمی فائنل میں موجودہ ورلڈ نمبرون اور ہموطن رافیل نڈال کو 6-3 اور7-5سے ٹھکانے لگایا۔




فیڈرر کو مات دینے پر جذبات کا اظہار کرتے ہوئے جوکووک نے کہا کہ سوئس پلیئر سے جب بھی میرا سامنا ہوا انھوں نے ٹف ٹائم دیا، وہ پہلے سیٹ میں مجھ سے بہتر کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہے لیکن میں بدستور پُراعتماد اور اپنے مواقع پانے کا منتظررہا، انھوں نے مزید کہا کہ میں نے سروس عمدگی سے کی اور صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا جس کا فائدہ اختتام پر جیت کی صورت میں مل گیا، واضح رہے کہ فیڈرر کو رواں برس واحد اے ٹی پی ٹرافی جرمنی کے ہیل گراس ٹینس کورٹ پر ملی ہے۔قبل ازیں جمعے کی شب منعقدہ کوارٹر فائنلز میں ٹاپ سیڈ اسپین کے نڈال نے رچرڈ گیسکوئٹ کو 6-4 اور6-1 سے مات دی تھی جبکہ ان کے ہموطن ڈیوڈ فیرر نے جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ کی کہانی 4-6،7-5 اور6-3 سے ختم کی، دوسری جانب ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ آف چیمپئنز میں رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے اینا ایوانووک کو پچھاڑ کر ٹرافی میچ میں رسائی پالی، ان کی جیت کا اسکور2-6،6-1 اور6-3 رہا۔
Load Next Story