پریمیئر فٹبال لیگ واپڈا اور مسلم ایف سی چمن کا مقابلہ برابر

کے ایل آر نے افغان ایف سی کو3-0سے مات دیدی،نیوی نے آرمی کو1-0سے ہرایا

نیوی نے آرمی کو 1-0 سے ہرا دیا،واپڈا اور مسلم ایف سی چمن کا مقابلہ کسی گول کے بغیر برابر رہا ۔ فوٹو: فائل

10 ویں پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ کی دفاعی چیمپئن ٹیم کے ایل آر نے افغان ایف سی چمن کو3-0 سے مات دے دی۔

نیوی نے آرمی کو 1-0 سے ہرا دیا،واپڈا اور مسلم ایف سی چمن کا مقابلہ کسی گول کے بغیر برابر رہا، تفصیلات کے مطابق کے پی ٹی بینظیر اسپورٹس کمپلیکس کے فٹبال اسٹیڈیم پرکے آر ایل کوحریف ٹیم کیخلاف پہلے ہاف میں2-0 کی برتری حاصل رہی،محمد خان کے 17ویں منٹ میں گول کے بعدصدام حسین نے33 ویں منٹ میں گیند جال میں پہنچا دی،کھیل کے73 ویں منٹ میں صدام حسین نے دوسرا گول داغ کر اپنی ٹیم کو3-0 کی سبقت دلادی جو حتمی ثابت ہوئی،ریفری نے فاتح ٹیم کے کامران خان اور محمد خان جبکہ حریف سائیڈکے عبدالقاہر کو یلو کارڈ دکھائے، ٹورنامنٹ میں دوسرا میچ کھیلے والی کے آر ایل نے مجموعی طور پر6 پوائنٹس اپنے نام کر لیے،ناکام ٹیم کے12 میچز میں15 پوائنٹس ہوگئے۔




پوائنٹس ٹیبل میں تیسری پوزیشن پر براجمان واپڈا اورمسلم ایف سی کا مقابلہ کسی فیصلہ کے بغیر ختم ہوا، کوشش کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول کرنے میںکامیاب نہ ہوسکی،واپڈا کے عبدالرحمان اورعارف حسین کو یلو کارڈ کا سامنا کرنا پڑا، مخالف ٹیم کے عبدالواسع کو بھی یہ سبکی اٹھانی پڑی،واپڈا نے10 ویں میچ کے بعد17اورمسلم ایف سی نے12میچز کھیل کر22 پوائنٹس لیے ہیں،کورنگی بلوچ فٹبال اسٹیڈیم پر نیوی اور آرمی نے ایک دوسرے کے خلاف تابڑ توڑ حملے کیے،نیوی کے ڈیفینڈرنوید احمد نے انجری ٹائم کے تیسرے منٹ میں ملنے والے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی، یہ گول فیصلہ کن ثابت ہوا،میچ کمشنر محمد اقبال جونیئر نے نیوی کے گول کیپرمحمد اسحاق کو بہترین کھلاڑی قرار دیا، نوید نے بہترین اسکوررکا اعزاز حاصل کیا،آرمی نے8میچز میں13 اور نیوی نے15 مقابلوںمیں18 پوائنٹس لیے ہیں۔
Load Next Story