بھارت غلطی نہ کرے

بلاشبہ بھارتی آرمی چیف کے بیان اور ایل او سی پر جو کچھ ہورہا ہے اسے ہماری پاک افواج دیکھ رہی ہیں۔

بلاشبہ بھارتی آرمی چیف کے بیان اور ایل او سی پر جو کچھ ہورہا ہے اسے ہماری پاک افواج دیکھ رہی ہیں۔ فوٹو : فائل

کنٹرول لائن پر بھارت کی خطرناک اور مکارانہ نقل وحمل کا پاک فوج نے سخت نوٹس لے لیا ہے، بھارت جنگ کے حالات پیدا کرنے کی شرانگیزی میں مصروف ہے اور اسی بہانے کنٹرول لائن پر اس کی فائرنگ اور کشیدگی بڑھانے کی مذموم کارروائیوں میں شدت آرہی ہے اور گزشتہ روزایل او سی پر جورا سیکٹر میں شہری آبادی پر بلا اشتعال بھارتی فائرنگ و گولہ باری سے 2 شہری شہید جب کہ خاتون سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوگئے، بھارتی فوج نے لیسواہ، جورا، اشکوٹ، میر پورہ و دیگر علاقوں میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گاؤں لیسواہ میں14 سالہ شہر یار اور 29 سالہ نوید شہید جب کہ خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوئے، بھارتی گولہ باری کے جواب میں پاک فوج کی طرف سے بھارتی چوکی کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے شہری آبادی پر گولہ باری کی جارہی تھی، فائرنگ کے تبادلہ میں پاک فوج کے 3 جوان زخمی ہوئے ،بھارتی پوسٹ کو تباہ کر دیا گیا ، آئی ایس پی آر کے مطابق تباہ شدہ چوکی سے بھارتی فوجی اپنے ساتھیوں کی نعشیں اٹھاتے دیکھے گئے ،خبروں کے مطابق تتہ پانی اور درہ شیرخان سیکٹرز میں بھی بھارتی افواج کی بلااشتعال گولہ باری سے علاقے لرز اٹھے۔

ان سیکٹرز کے سویلین آبادی کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا تاہم مکین جانی ومالی نقصان سے محفوظ رہے،پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرکے دشمن کی گنیں خاموش کرادیں ،یاد رہے کہ ان سیکٹرز میں آئے دن بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ وگولہ باری کا سلسلہ جاری ہے جس سے مکینوں میں سخت اضطرابی کیفیت پائی جاتی ہے۔ادھر لنڈی کوتل کے دورافتادہ پاک افغان سرحدی علاقے کنڈاؤ در میں آئی ڈی بم دھماکے میںپاک فوج کا ایک جوان شہید اور 4زخمی ہوگئے جنھیں سی ایم ایچ لنڈی کوتل منتقل کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کنڈاؤ سر کے قریب فورسز پر حملہ ہوا، بارودی سرنگ دھماکے میں پاک فوج کا جوان تقدیر علی اورکزئی شہید جب کہ چار جوان زخمی ہوئے، پاک فوج کے جوان کنڈاؤسر میں باڑ لگانے میں مصروف تھے کہ دھماکا ہوا، دریں اثنا تھانہ گومل کی پولیس موبائل پر دستی بم حملے میں زخمی ایس ایچ او عنایت اللہ خان دم توڑ گیا، سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ مسلح افواج بھارت کے ہر جارحانہ اقدام کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں اور بھارتی مہم جوئی کو منہ توڑجواب ملے گا۔ تزویراتی سیاق وسباق کے مطابق خطے میں بھارتی عزائم کھل کر سامنے آتے جارہے ہیں۔


ایک طرف بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے ریٹائرمنٹ لینے سے پہلے جنگجوئی کی فضا پیدا کرنے کے لیے شرانگیز گیدڑ بھپکی دی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان ایل او سی کی صورتحال بگاڑنے کی کوشش ہے، مودی سرکار کا وطیرہ ہے کہ وہ ہمیشہ مذموم ہتھکنڈے استعمال کرتی ہے اور اس بار بھی اس نے بھارت میں متنازع شہریت قانون کے خلاف بھارت گیر احتجاج اور مظاہروں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی ،اس وقت پورے بھارت میں شدید ہیجانی صورتحال ہے۔

مضطرب عوام سڑکوں پر آگئے ہیں۔ ایک اطلاع کے مطابق پاک بھارت سرحد کی باڑ کو پانچ جگہ سے کاٹا گیا ہے جس سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ بھارت کسی شرمناک کارروائی کے لیے کسی مہم جوئی کے انتظار میں ہے، پاکستانی انٹیلی جنس اداروں کے مطابق اس سازش کے محرکات خطرناک ہونگے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ببانگ دہل بھارت کو متنبہ کیا کہ وہ کوئی ایسی غلطی نہ کرے، قوم نظریہ پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، لائن آف کنٹرول پر کسی قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان انتہائی غیر ذمے دارانہ ہے، وزیر خارجہ کاکہنا تھا کہ بھارت کے عزائم کو بھانپتے ہوئے میں نے صدر سلامتی کونسل کو ایک اور خط ارسال کیا ہے جو اقوام متحدہ کو میرا ساتواں خط ہے، جس میں ، میں نے بھارت کے ناپاک عزائم بے نقاب کیے ہیں۔

انھوں نے سوال کیا کہ بھارت کے عزائم کیا ہیں؟ کیاکوئی نیا مس ایڈونچر ہونے جارہا ہے، پاکستان نے عالمی برادری کو اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے، پاکستان کے قبضے میں وہ ساری معلومات اور شواہد بھی آئے ہیں ۔ بھارت غلط فہمی کا شکار نہ ہو۔

بلاشبہ بھارتی آرمی چیف کے بیان اور ایل او سی پر جو کچھ ہورہا ہے اسے ہماری پاک افواج دیکھ رہی ہیں، اطلاعات کے مطابق کنٹرول لائن پر براہموس اور اسپائیک میزائل نصب کیے گئے ہیں۔ وقت کی ضرورت خطے کی صورتحال کے گہرے ادراک کی ہے دشمن عیار ہے ،ہر وقت چوکس اور تیار رہنا ہی قوم کے مفاد میں ہے۔
Load Next Story