او آئی سی کی جانب امید بھری نظریں

کشمیری مسلمانوں کا محاصرہ بطورکرفیو توگزشتہ چار ماہ سے جاری ہے

کشمیری مسلمانوں کا محاصرہ بطورکرفیو توگزشتہ چار ماہ سے جاری ہے۔فوٹو: فائل

اسلامی تعاون تنظیم نے بھارتی شہریت کے قوانین پر تشویش کا اظہارکیا ہے، بلاشبہ بھارت میں نریندر مودی کی منفی سوچ اورحکومت کے اقدامات اقلیتوں اور بالخصوص مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے کے مترادف ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ بھارت کی موجودہ صورتحال سے مسلمان اقلیت کے بنیادی انسانی حقوق بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

حالیہ دنوں میں بابری مسجد پر جو عدالتی فیصلہ آیا ہے، اس سے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔ او آئی سی کا اس مکروہ فعل پر بھی تشویش کا اظہارکرنا خوش آئند ہے۔ دنیا میں جتنے بھی ممالک ہیں وہ عالمی قوانین کے پابند ہیں ، ہر ملک اپنی اقلیتوں کی حفاظت اور ان کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔

بھارت بھی بنیادی طور پر ایک سیکولر ریاست کے طور پر وجود میں آیا ہے اور اس کی سابق لیڈران اور حکومتوں نے اس اصول کی پاسداری بھی کی ہے، لیکن مودی کی انتہا پسندانہ سوچ نے بھارت کے باسیوں کو کرب واذیت میں مبتلا کردیا ہے کہ آج پورا بھارت جل رہا ہے۔ شدید احتجاج ہو رہا ہے، اب تک 26 افراد ان ہنگاموں کی وجہ سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔


اسلامی تعاون تنظیم کا یہ کہنا بالکل بجا ہے کہ بھارتی حکومت کے اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں جو عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں ۔ عالمی قوانین کے تحت بھارت اقلیتوں کے تحفظ کا پابند ہے۔ ہمیں اس المیے کو نہیں بھولنا چاہیے کہ دنیا بھر میں مسلمان ممالک کی تعداد پچاس سے زائد ہے لیکن ان کے اندر باہمی اتحاد واتفاق کا فقدان بھی موجود ہے۔

کشمیری مسلمانوں کا محاصرہ بطورکرفیو توگزشتہ چار ماہ سے جاری ہے اور اب جلتی پر تیل ڈالتے ہوئے بھارتی شہریت کے نئے قوانین کے تحت بھارت بھرکے مسلمانوں کو عدم تحفظ کا شکار بنا دیا گیا ہے ۔ یہ درست سہی کہ اسلامی تعاون تنظیم نے بھارت سے کہا ہے کہ مسلمانوں اور اسلامی عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنائے ،لیکن دیکھنا یہ ہے کہ کیا بھارت پر اس وارننگ کا اثر ہوتا ہے اور مسلمانوں پر مظالم ڈھانے سے باز آجاتا ہے یا پھر اس اعلامیے کو نظراندازکرکے اپنے مظالم کا سلسلہ جاری رکھتا ہے اگر ایسا ہوتا ہے تو پھر او آئی سی کی حکمت عملی کیا ہوگی ؟

کیا وہ بھارت کا سوشل بائیکاٹ کرسکیں اور سفارتی محاذ پر اتنا دباؤ ڈال سکیں گے کہ بھارت سرکارکا مسلمانوں پر مظالم ڈھانے والا سلسلہ روک سکیں۔ بھارت کے مسلمان او آئی سی کی جانب امیدوں بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔
Load Next Story