پاکستان اپنی حدود میں گیس پائپ لائن کی تعمیر کا خرچہ خود اٹھائے ایران

ایران نے پاکستانی حدود میں گیس پائپ لائن کی تعمیر کے خرچے کے لئے 2 ارب ڈالر دینے کی پیشکش نہیں کی، ایرانی نائب وزیرتیل

گیس پائپ لائن کے معاہدے کے تحت دونوں ممالک کو اپنی اپنی حدود میں گیس پائپ لائن کی تعمیر کا خرچہ خود اٹھانا تھا، ایرانی نائب وزیر تیل فوٹو: اے ایف پی / فائل

ایران کے نائب وزیر تیل علی مجیدی نے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنی سرحدی حدود میں گیس پائپ لائن کی تعمیر کا خرچہ خود اٹھانا ہوگا۔


ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں علی مجیدی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت دونوں ممالک کو اپنی اپنی حدود میں گیس پائپ لائن کی تعمیر کا خرچہ خود اٹھانا تھا، ایران نے پاکستانی حدود میں گیس پائپ لائن کی تعمیر کے لئے 2 ارب ڈالر دینے کی پیشکش نہیں کی، اگر پاکستان کو ایران سے گیس کی ضرورت ہے تو انہیں کام کو تیزی سے نمٹانا ہوگا۔

واضح رہے کہ ایران اپنی حدود کے اندر 780 کلو میٹر طوریل پائپ لائن مکمل کر چکا ہے جب کہ پاکستان میں فنڈز کی کمی کے باعث پائپ لائن منصوبہ تاخیر کا شکار ہے جب کہ امریکا نے بھی اس منصوبے کی تکمیل پر پاکستان پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔ اسی تاخیر کے باعث گزشتہ ہفتے ایران کے وزیر تیل نے کہا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبہ تکمیل کے مراحل طے کرتا نظر نہیں آ رہا۔
Load Next Story