وی وی آئی پی موومنٹ سے بد ترین ٹریفک جام

دفاتر سے گھر واپس جانیوالے افرادخصوصاً خواتین کومشکلات، ٹریفک جام میں ایمبولینسیں بھی پھنسی رہیں

شہر میں وی وی آئی پی موومنٹ کے باعث ٹریفک شدید جام رہا،زیر نظرتصویر میں نمائش چورنگی ایم اے جناح روڈ پرسیکڑوں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی میں وی وی آئی پی موومنٹ کے باعث شہری ایک مرتبہ پھر کئی گھنٹوں پر محیط ٹریفک جام کا عذاب سہنے پر مجبور ہوگئے۔

شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا ، شام کو دفاتر سے گھروں کو واپس جانے والے اور خصوصاً خواتین کو شدید مشکلات رہیں ، ٹریفک جام میں ایمبولینسیں بھی پھنسی رہیں جبکہ اندرون و بیرون ملک جانے کیلیے ایئرپورٹ جانے والے مسافروں کو کئی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ، تفصیلات کے مطابق ملک کے معاشی حب کراچی میں وی وی آئی پی موومنٹ ایک مرتبہ پھر شہریوں کے لیے ٹریفک جام کا عذاب لے کر آئی اور شہریوں کو گھنٹوں سڑکوں پر ہی گزارنے پڑے ، شہر میں وی وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے شارع فیصل مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند بھی کی گئی۔

جس سے شارع فیصل سے متصل تمام شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ، گاڑیوں میں پھنسے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، شام کو دفاتر سے گھروں کو واپس جانے والے حضرات اور خصوصاً خواتین انتہائی تاخیر سے گھروں کو پہنچیں جبکہ ان کے اہل خانہ موبائل فون پر ان کی خیریت دریافت کرتے رہے ، ٹریفک جام میں ایمبولینسیں بھی پھنسی رہیں جن میں موجود مریض طبی امداد کے لیے تڑپتے رہے جبکہ ڈرائیور حضرات راستہ طلب کرتے رہے لیکن ان کی تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئیں۔




اندرون و بیرون ملک جانے کی غرض سے ایئرپورٹ کا رخ کرنے والے مسافروں کو بھی شدید مشکلات رہیں اور انھوں نے متبادل راستے اختیار کیے لیکن اس میں بھی دقت کا سامنا رہا ، ٹریفک جام کے باعث ناتھا خان پل ، ڈرگ روڈ ، کارساز ، ٹیپو سلطان جنکشن ، نرسری ، ایف ٹی سی فلائی اوور ، میٹرو پول ، شاہین کمپلیکس ، آئی آئی چندریگر روڈ ، ٹاور ، ایم اے جناح روڈ ، نیو ایم اے جناح روڈ ، صدر ، ریگل ، برنس روڈ ، پریڈی اسٹریٹ ، یونیورسٹی روڈ ، نمائش چورنگی ، گرومندر ، لسبیلہ ، گولیمار ، ناظم آباد ، نارتھ ناظم آباد ، تین ہٹی ، لیاقت آباد ڈاکخانہ ، نیرنگ مارکیٹ ، لیاقت آباد دس نمبر ، کریم آباد ، عائشہ منزل ، واٹر پمپ ، سہراب گوٹھ ، بلوچ کالونی ایکسپریس وے ، یونیورسٹی روڈ ، گلشن اقبال ، نیپا ، راشد منہاس روڈ، شہید ملت روڈ، قیوم آباد ، کورنگی روڈ ، ملیر ہالٹ ، ملیر پندرہ ، قائد آباد سمیت شہر کی ایسی کوئی شاہراہ نہیں تھی ۔

جہاں گاڑیوں کی طویل قطاریں نہ لگی ہوں ، ٹریفک جام میں پھنسے رہنے کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ میں حبس و گھٹن کی وجہ سے مسافروں نے بسوں کو بھی خیرباد کہا اور پیدل ہی منزل مقصود کی جانب روانہ ہوئے ، متعدد گاڑیوں میں ایندھن بھی ختم ہوگیا جس کی وجہ سے انھیں دہری مشکلات سے نمٹنا پڑا ، کئی مقامات پر ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی غائب رہے اور شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک کنٹرول کیا ، شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ شہریوں کو ٹریفک جام کے عذاب سے چھٹکارا دلانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔
Load Next Story