بھارت بمقابلہ آسٹریلیا سیریز رنز کی بہتی گنگا میں بیٹسمین ہاتھ دھوتے رہے

مجموعی طور پر107چھکے،345چوکے لگے،3596رنزبنے،9سنچریاں اسکور ہوئیں

یہ ون ڈے کی باہمی سیریز کا چوتھا بڑا مجموعہ ہے، اس سے قبل7 میچز کی سیریز کے ٹوٹل میں رن ریٹ 6 سے نیچے ہی رہا ۔فوٹو:فائل

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کے دوران رنز کی بہتی گنگا میں بیٹسمین ہاتھ دھوتے رہے۔

مجموعی طور پر 107 چھکے، 345 چوکے لگے، 3596 رنز بنے، 9 سنچریاں اسکور کی گئیں، ایک ڈبل سنچری بھی بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز میں مجموعی طور پر 3596 رنز بنائے، 541.3 اوورز میں 73 وکٹیں گریں، رن ریٹ 6.64 فی اوور اور فی وکٹ ایوریج 49.26 رہی، اس سے قبل کسی بھی ایسی باہمی سیریز میں جس میں کم سے کم2 میچز کھیلے گئے ہوں اتنا ہائی اسکورنگ ریٹ نہیں رہا، 6.62 کا ریٹ بھارت کے 2009 میں دورئہ نیوزی لینڈ میں رہا تھا، رن ریٹ کے حساب سے ٹاپ چار سیریز میں بھارت شامل رہا۔

یہ ون ڈے کی باہمی سیریز کا چوتھا بڑا مجموعہ ہے، اس سے قبل7 میچز کی سیریز کے ٹوٹل میں رن ریٹ 6 سے نیچے ہی رہا، اس سیریز میں مکمل ہونے والی 11اننگز میں 9 مرتبہ 300 یا اس سے زیادہ رنز بنے اور پانچ مرتبہ ٹیموں نے 350 یا اس سے زائد رنز بنائے، یہ دونوں باہمی سیریز کا ریکارڈ ہیں۔ سیریز میں جڑے گئے 107 چھکے بھی ایک ریکارڈ ہے۔




اس سے قبل کسی بھی باہمی سیریز میں 62 چھکوں کا ریکارڈ تھا، ان معرکوں میں 345 چوکے لگے مگر یہ چوتھے نمبر پر رہے، ویسٹ انڈیز کے 2002-03 میں دورئہ بھارت اور بھارتی ٹیم کے 2007 میں انگلینڈ کے ٹور میں مجموعی طور پر 353 چھکے لگے۔ بھارت نے سیریز کا اختتام 6.71 کے بلند رن ریٹ پر کیا جبکہ آسٹریلیا کا رن ریٹ 6.57 ہے، بھارتی بیٹسمینوں نے ڈبل سنچری سمیت 6 تھری فیگر اننگز سجائیں ۔

جبکہ آسٹریلوی بیٹسمینوں نے تین بار یہ کارنامہ انجام دیا۔ آسٹریلیا نے بھارت سے زیادہ چھکے (66) اور چوکے (181) لگائے۔ سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز روہت شرما کے حصے میں آیا جنھوں نے 23 مرتبہ گیند کو فیلڈ سے باہر اچھالا، اس سے قبل شین واٹسن نے بنگلہ دیش کے 2011 کے دورے میں باہمی سیریز میں 20 چھکے جڑے تھے۔ شیکھر دھون اور روہت شرما سیریز میں پہلی وکٹ کی شراکت میں 533 رنز اسکور کیے جو باہمی سیریز میں دوسرا بڑا مجموعہ ہے۔
Load Next Story