سندھ بھر میں ہفتے کے چار دن سی این جی فراہم کرنے کا اعلان

ہفتے میں تین دن گیس بند اور چار دن فراہم کی جائے گی، اعلامیہ

ہفتے میں تین دن گیس بند اور چار دن فراہم کی جائے گی، اعلامیہ (فوٹو: فائل)

لاہور:
سوئی سدرن گیس کمپنی نے سندھ بھر میں ہفتے کے چار دن گیس اسٹیشنز کو سی این جی فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صنعتی حلقوں اور سی این جی اسٹیشنز مالکان کا احتجاج رنگ لے آیا اور سندھ بھر میں سی این جی کی بندش کا دورانیہ معمول پر آگیا، سوئی سدرن گیس کمپنی نے ہفتے میں تین روز کی بندش کا عمومی شیڈول جاری کردیا۔

اس حوالے سے ہفتے کو ایس ایس جی سی کے مرکزی دفتر میں آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن اور قائم مقام ایم ڈی ایس ایس جی سی محمد وسیم اور سی ایف او امین راجپوت کے ساتھ سے مذاکرات ہوئے جن میں ایسوسی سندھ ریجن کے چئیرمین سمیر بھی موجود تھے۔

ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق سندھ بھر میں تمام سی این جی اسٹیشنز کو 30 دسمبر بروز پیر، 1 جنوری بروز بدھ اور 3 جنوری بروز جمعہ صبح 8 بجے سے آئندہ 24 گھنٹے کے لیے گیس کی سپلائی بند رہے گی اور بقیہ وقت جاری رہے گی۔


ترجمان کے مطابق انڈسٹریل اور کیپٹو پاور کو 29 دسمبر بروز اتوار صبح 8 بجے سے آئندہ 24 گھنٹے کے لیے گیس کی سپلائی معطل رہے گی۔

ایسوسی ایشن کے صدرغیاث پراچہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ ایس ایس جی سی سے مذاکرات ہوئے، موسم سرما میں بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر جنوری 2020ء کے پہلے ہفتے تک گیس کا بحران جاری رہے گا تاہم اس بحران کے باوجود ایس ایس جی سی کی جانب سے سی این جی سیکٹر کو ناغے کی بنیاد پر گیس فراہم کی جائے گی۔

دوران مذاکرات غیاث پراچہ نے کہا کہ گیس کے طویل ناغے سے سی این جی سیکٹر تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے اور سندھ بھر میں قائم 678 سی این جی فلنگ اسٹیشنز کے ہزاروں ملازمین ایک ہفتے سے بے روزگار ہیں۔

 
Load Next Story