5 روزہ کراچی بین الاقوامی کتب میلہ 5 دسمبر سے شروع ہوگا

مقامی اور غیر ملکی پبلشرز کے 210 اسٹالزبک کرلیے گئے، 4 لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے

کتب میلہ ایکسپو سینٹر کراچی کے 3 ہالز میں بیک وقت شروع کیا جائے گا، عزیز خالد فوٹو: فائل

پاکستان پبلشرزاینڈ بک سیلرزایسوسی ایشن کی جانب سے نویں سالانہ ''کراچی بین الاقوامی کتب میلے''کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

نواں سالانہ ''کراچی بین الاقوامی کتب میلہ'' 5 دسمبر سے ایکسپوسینٹرکراچی میں شروع ہورہا ہے جو 9 دسمبر تک جاری رہے گا، بین الاقوامی کراچی کتب میلے میں پاکستان کے مقامی اور غیر ملکی پبلشرز کی جانب سے اب تک 210 اسٹالز بک کرالیے گئے ہیں جبکہ مجموعی طورپر250 اسٹالز کی بکنگ متوقع ہے، کتب میلے میں بھارت، سنگاپور، ملیشیا اورایران کے علاوہ دیگر چند ممالک سے پبلشرزکی آمد بھی متوقع ہے، یہ کتب میلہ ایکسپوسینٹر کراچی کے 3 ہالز میں بیک وقت شروع کیاجائے گا۔

پاکستان پبلشرزاینڈ بک سیلرزایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیزخالد نے''ایکسپریس'' کو بتایا کہ کراچی بین الاقوامی کتب میلے کا افتتاح صوبائی وزیرتعلیم نثارکھوڑو 5 دسمبر کوکریں گے جس کے فوری بعد کتب میلہ عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، انھوں نے بتایا کہ 5 روزتک جاری رہنے والے کتب میلے میں 4 لاکھ افرادکی آمد متوقع ہے جس میں سندھ کی سرکاری ونجی جامعات، کالجوں اور اسکولوں کے طلبہ وطالبات کے علاوہ اساتذہ، محقیقین، ادیب ودانشور، قانون دان، سائنسدان ،ڈاکٹرزاور دیگرشعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہونگے۔




کراچی کے اسکولوں اورکالجوں کی انتظامیہ نے اس حوالے سے اپنے پروگرام بھی شیڈول دے دیے ہیں، عزیز خالد کا کہنا تھا کہ کتب میلے میں سائنس، فکشن، مصوری، شاعری، تاریخ، کہانی نویسی، مذہب، اخلاقیات، فلسفہ، طب، لسانیات، سماجی معاملات اور مسائل کے علاوہ دیگر موضوعات پر کتب رکھی جائیں گی جبکہ قرآن واحادیث کی کتابیں اوران کی تفاسیربھی موجود ہوں گی۔

ان کتابوں کی خریداری پر طلبہ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک مخصوص حد تک رعایت بھی دی جائے گی، مزید براں بچوں کے لیے بڑی تعداد میں کتب کا ذخیرہ بھی موجود ہوگا اور کم عمر بچوں کے لیے کتابوں کی اشاعت کے ماہر پبلشرز نے اس حوالے سے کئی اسٹالزبھی بک کرائیں ہیں، بھارتی پبلشرز کو پاکستانی ویزوں کے بروقت اجرا کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر عزیز خالد کا کہنا تھا کہ ایک درجن کے قریب بھارتی پبلشرز نے کتب میلے میں شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے اور ویزوں کی درخواستیں دی ہیں، امید ہے کہ انھیں ویزوں کا اجراء بھی بروقت ہوگا۔
Load Next Story