شامی کے ٹیسٹ ڈیبیو سے ویسٹ انڈیز کی شامت آگئی

234 پر آؤٹ، پیسر نے 4 وکٹیں لیں، بھارت نے بغیر کسی نقصان کے 37 رنز بنالیے

کولکتہ ٹیسٹ: بھارتی بولر شامی ویسٹ انڈین پلیئر کیرون پاول کو آؤٹ کرنے پر خوشی سے سرشار۔ فوٹو : بی سی سی آئی

محمد شامی کے ڈیبیو سے ویسٹ انڈیز کی شامت آگئی، نوجوان فاسٹ بولرز نے پہلے ٹیسٹ کے ابتدائی روز ہی مہمان سائیڈ کی اننگز 234 پر لپیٹ دی۔

مارلون سیموئلز نے 65 رنز بنائے، شامی نے 4 وکٹیں لیں، ٹنڈولکر نے وکٹ لے کر کیریئر کی اختتامی سیریز کی شروعات کیں، دھونی نے 2 کیچز ڈراپ کیے، دن کے اختتام تک بھارت نے بغیر کسی نقصان کے 37 رنز بنالیے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے محمد شامی کو ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع فراہم کیا، انھوں نے بھی سلیکٹرز اور کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو مایوس نہیں کیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کے بیٹسمینوں کی واپسی کا سفر جلد ہی شروع ہوگیا۔

کرس گیل نے باہر کو سوئنگ ہوتی بھونیشور کمار کی گیند کو وہیںکھڑے کھڑے پش کرنے کی کوشش کی جس کا نتیجہ سیکنڈ سلپ میں موجود وجے کے ہاتھوں کیچ کی صورت میں بھگتنا پڑا، انھوں نے18 رنز بنائے، کیرون پولارڈ 28 رنز بناکرگیند کو پل کرنے کی کوشش میں محمدشامی کے کیریئر کی پہلی وکٹ بن گئے۔




کیچ بھونیشور کمار نے تھاما، 40 اوورز بعد امپائرز نے گیند تبدیل کردی اورمتبادل بال حیران کن طور پر جلد ریورس سوئنگ ہونا شروع ہوگئی جس سے ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کی مشکلات بڑھنے لگیں۔

اسی سے سموئلز اور ڈیرن براوو کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 91 رنز کی شراکت کا خاتمہ ہوا، سموئلز نے اپنے 65 میں سے 56 رنز باؤنڈریز کی صورت میں اسکور کیے، 2 چھکے اور 11 چوکے لگانے کے بعد وہ شامی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، براوو 23 پر رن آؤٹ ہوئے۔شیونرائن چندرپال نے 36 رنز اسکور کیے۔ ٹنڈولکر نے شلنگفورڈ کو ایل بی ڈبلیو کیا، شامی نے 17 اوورز میں 71 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایشون نے 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں بھارت نے دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے37 رنز بنائے، شیکھر دھون 21 اور مرلی وجے 16 رنز پر کھیل رہے تھے۔
Load Next Story