سچن ٹنڈولکر کا 199واں ٹیسٹ عوام کا جوش وخروش آسمان کو چھونے لگا

ایڈن گارڈنز کے باہر جم غفیر جمع، ویسٹ انڈیز کی پہلے بیٹنگ پر آدھے لوگ چلے گئے

سونے کے سکے سے ٹاس، ماسٹر بیٹسمین کے اہل خانہ بھی موجود، ماسک تقسیم نہ ہوئے۔ فوٹو : بی سی سی آئی

سچن ٹنڈولکر کے 199ویں ٹیسٹ کے دوران کولکتہ میں عوام کا جوش و خروش آسمان کو چھونے لگا۔

ایڈن گارڈنز کے باہر سچن ٹنڈولکر کی ایک جھلک دیکھنے کیلیے جم غفیر امڈ آیا، سیکڑوں لوگوں نے صبح سویرے سے ہی سپر اسٹار کی راہ تکنا شروع کردی، ماسٹر بلاسٹر کی شبیہ والے سونے کے سکے سے ہونے والا ٹاس بھارت ہار گیا، ویسٹ انڈیز کے پہلے بیٹنگ کرنے پر آدھے لوگ واپس چلے گئے جبکہ ہزاروں افراد نے اسٹیڈیم آنے کا پروگرام ہی کینسل کردیا، آدھے خالی اسٹیڈیم نے منتظمین کو ٹنڈولکر کی شکل والے ماسک تقسیم کرنے سے باز رکھا۔


تفصیلات کے مطابق سچن ٹنڈولکر کی زندگی کا سیکنڈ لاسٹ ٹیسٹ شروع ہوگیا، صبح سویرے ہی سیکڑوں شائقین ایڈن گارڈنز کے باہر جمع ہوگئے، اتنے لوگ اندر نہیں جتنے باہر تھے،کچھ تو ٹکٹ خریدنے والے تھے مگر زیادہ تر لوگ ٹنڈولکر کی آمد کا نظارہ کرنے کیلیے بیتاب دکھائی دیے، میڈیا بھی بہت بڑی تعداد میں داخلی دروازوں کے باہر جمع اور لوگوں کے جوش وخروش کے حوالے سے براہ راست رپورٹس نشر کررہا تھا۔ ایسے میں لوگوں کو بھی کیمروں کے سامنے اپنے اسٹار کرکٹر کو سراہنے کا نادر موقع میسر آیا۔ ٹاس کیلیے میچ ریفری اینڈی پیکرافٹ سے کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال نے10 گرام سونے کا خصوصی سکہ استعمال کرنے کی اجازت لی تھی۔



اس پر ٹنڈولکر کی شبیہ بنی ہوئی تھی اور بعد میں یہ سکہ انہی کے ہی سپرد کردیا گیا۔ ٹنڈولکر کے اہلیہ انجلی اور بیٹا ارجن بھی اس موقع پر موجود رہے، جس وقت ٹاس ہوا تو ٹنڈولکر، ٹنڈولکر کے نعروں سے کان پڑی آواز تک نہیں سنائی دے رہی تھی تاہم ویسٹ انڈیز کے پہلے بیٹنگ کرنے سے لوگوں کا جوش وخروش کم ہوگیا، جولوگ ابھی گھروں سے نکلے نہیں تھے ان میں سے اکثریت نے گراؤنڈ آنے کا ارادہ ترک کرتے ہوئے کام پر جانے کا فیصلہ کیا جسکی وجہ سے 65 ہزار نشستوں والا اسٹیڈیم آدھا خالی رہا۔ منتظمین نے ٹنڈولکر کے ماسک تقسیم کرنے کا منصوبہ بھی ایک دن کیلیے ملتوی کردیا۔
Load Next Story