بیمار ماں بیوی5 بیٹیوں کا سہارا فائر بریگیڈ اہلکار واجبات نہ ملنے پر صدمے سے ہلاک

امجد کی والدہ کینسر کی مریضہ ہیں، وہ والدہ کے علاج کے ساتھ ساتھ گھر کا خرچ بھی اٹھا رہا تھا

امجد کی والدہ کینسر کی مریضہ ہیں، وہ والدہ کے علاج کے ساتھ ساتھ گھر کا خرچ بھی اٹھا رہا تھا (فوٹو: ایکسپریس)

فائر بریگیڈ صدر میں تعینات اہلکار واجبات نہ ملنے پر ذہنی صدمہ کا شکار ہوکر دل کے دورے کے سبب جاں بحق ہوگیا، اہلکار کینسر کی شکار ماں، بیوی اور 5 بیٹیوں کا واحد کفیل تھا۔

ایکسپریس کے مطابق صدر فائر اسٹیشن کا ملازم امجد علی خان دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا، متوفی کی نماز جنازہ بعد نماز عصر لانڈھی فائر اسٹیشن میں واقع مسجد میں ادا کی گئی جس میں چیف فائر آفیسر تحسین صدیقی سمیت فائر بریگیڈ کے ملازمین، رشتے داروں، اہل محلہ اور دوست احباب کی بڑی تعداد نے شرکت کی بعدازاں امجد کو ریڑھی گوٹھ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔


اس موقع پر کئی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے جس میں فائر بریگیڈ کے ملازمین اپنے ساتھی کے بچھڑ جانے پر دھاڑیں مار مار کر رہے تھے۔ اس موقع پر فائر بریگیڈ ملازمین کا کہنا تھا کہ امجد صدر فائر بریگیڈ اسٹیشن میں ڈرائیور تھا جو کہ واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث نہ صرف مالی تنگدستی کا شکار تھا بلکہ وہ شدید ذہنی دباؤ کا بھی شکار تھا۔

امجد کی والدہ کینسر اور شوگر کی مریضہ ہیں جو مہنگائی کے اس دور میں گھر کا خرچہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ بوڑھی بیمار والدہ کا بھی علاج معالجہ کرا رہا تھا۔ متوفی نے سوگواروں میں بیوہ ، ضعیف والدہ اور 5 بیٹیوں کو چھوڑا ہے، فائر بریگیڈ کے ملازمین نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر ہمارے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔
Load Next Story