ٹرانسپورٹرزکی ہڑتال درآمد و برآمدی کنسائمنٹس کی ترسیل معطل

کراچی بندرگاہ اورپورٹ قاسم بندرگاہ سے یومیہ5 ہزار سے زائددرآمدی و برآمدی کنسائمنٹس کے کنٹینرزکی ترسیل ہوتی ہے، ذرائع

ذرائع نے بتایا کہ کراچی بندرگاہ اورپورٹ قاسم بندرگاہ سے یومیہ 5 ہزار سے زائددرآمدی و برآمدی کنسائمنٹس کے کنٹینرزکی ترسیل ہوتی ہے۔ فوٹو: محمد عظیم / ایکسپریس

بندرگاہوں اور نجی کنٹینرٹرمینلز سے مال کی ترسیل کرنے والے ٹرانسپورٹرز کی جمعرات سے شروع ہونے والی غیرمعینہ ہڑتال کے باعث کراچی اور اندرون ملک درآمد وبرآمدی کنسائمنٹس کی ترسیل معطل ہوگئی ہے۔

جس سے درآمدات وبرآمدات کا پہیہ جام ہوگیا، ذرائع کے مطابق محکمہ پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے آغاز پرجبری طور پرٹرکوں پر لدے کنٹینرزاتارنے کے واقعات نے ترسیل کے کاروبار میں بے جا مداخلت کی جارہی ہے کیونکہ پولیس حکام ان کنٹینروں کو سیکیورٹی کے لیے استعمال کرتے ہیں، ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ان کے زبانی احتجاج کے باوجود ٹرکوں پر لدے کنٹینرز کو سیکیورٹی کے لیے جبری طور پر اتارے جارہے ہیں جسکی وجہ سے انہوں نے جمعرات کی صبح سے ہی کراچی اورملک بھرکے لیے درآمد وبرآمدی کنسائمنٹس کی ترسیل غیرمعینہ مدت کے لیے بند کردی ہے۔

ٹرانسپورٹروں کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس ہرسال محرم الحرام کے آغازسے ہی درآمدی وبرآمدی کنسائمنٹس کے کنٹینرزروک کراپنی سیکیورٹی ذمے داریوں میں ان کنٹینروں کوکم ازکم 10 روز استعمال کرنے کے بعد واپس کرتی ہے لیکن اس دوران نہ صرف ٹرانسپورٹرز کا کاروبار متاثر ہوتا ہے۔




بلکہ درآمدوبرآمدکنندگان پریومیہ بنیادوں پرشپنگ کمپنیوں کوڈیٹینشن اور کنٹینرمیں ٹوٹ پھوٹ کے فاضل اخراجات کی مدمیں 40ڈالرفی یوم ادائیگیاں کرنی پڑتی ہیں، ذرائع نے بتایا کہ کراچی بندرگاہ اورپورٹ قاسم بندرگاہ سے یومیہ 5 ہزار سے زائددرآمدی و برآمدی کنسائمنٹس کے کنٹینرزکی ترسیل ہوتی ہے۔

اس ضمن میں کراچی چیمبر آف کامرس کے صدرعبداللہ ذکی اور کراچی کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدرافتخارشیخ نے کہا کہ جمعرات سے شروع ہونے والی ٹرانسپورٹرکی ہڑتال اگر فوری طور پرختم نہیں کی گئی توایک دودن میں بندرگاہوں پرکنٹینرزکا رش کے سبب بندرگاہیں اور نجی کنٹینرٹرمینلز چوک ہوجائیں گی جبکہ تجارت وصنعتی شعبے کی روزمرہ سرگرمیاں متاثر اورایف بی آرکی محصولات کی وصولیاں بھی موخر ہوجائیں گی، تاجربرادری اور ٹرانسپورٹرنے حکومت سندھ کو تجویز دی ہے کہ وہ محرم الحرام کے سیکیورٹی پلان کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے براہ راست شپنگ کمپنیوں سے خالی کنٹینرزحاصل کرنے کی حکمت عملی وضح کرے تاکہ ٹرانسپورٹرزکی ہڑتال ختم ہونے کے ساتھ درآمدی وبرآمدی کنسائمنٹس کی ترسیل کا سلسلہ شروع ہوسکے۔
Load Next Story